Sunday, May 5, 2024

معاون خصوصی پٹرولیم نے اپنے خلاف ہی چارج شیٹ جاری کر دی

معاون خصوصی پٹرولیم نے اپنے خلاف ہی چارج شیٹ جاری کر دی
June 27, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی پٹرولیم نے اپنے خلاف ہی چارج شیٹ جاری کر دی، بولے آئل مارکیٹنگ کمپنیز نے 21 دن کا لازمی سٹاک نہیں رکھا تھا،  لیکن وہ بول گئے کہ کمپنیز کو سٹاک رکھنے کا پابند بنانے کی ذمہ داری اُن کی اپنی ہے۔

معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر نے اعتراف کیا کہ  آئل مارکیٹینگ کمپنیز نے21 دن کا تیل کا اسٹاک رکھنا ہوتا ہے، لیکن کسی بھی کمپنی کے پاس21  دن کا اسٹاک نہیں تھا، انہوں نے اوگرا کو ان کمپنیوں کےخلاف ایکشن کا کہہ دیا ہے، اگر کمپنیز کےلائسنس منسوخ نہیں کئے گئےتو معاملہ دوبارہ ہوسکتا ہے۔

ندیم بابر نے پریس کانفرنس میں سٹاک نہ ہونے کی ذمہ داری اوگرا پر ڈالی، شاید انہیں علم نہیں کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیز سے 21 دن کا سٹاک یقینی بنوانا پٹرولیم ڈویژن کی ذمہ داری ہے۔

اوگرا صرف پٹرولیم سٹوریج کیلئے انفراسٹرکچر تعمیر کا لائسنس جاری کرتا ہے، چیئرپرسن  اوگرا نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں واضح طور پر پٹرولیم سٹاک نہ ہونے کا ذمہ دار پٹرولیم ڈویژن کو قرار دیا تھا۔

قوائد کے مطابق ڈی جی آئل کی سربراہی میں ہر ماہ آئل کمپنیز ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس ہوتا ہے، اس اجلاس میں تمام کمپنیوں کا سٹاک، ڈیمانڈ اور خریداری پلان کی منظوری دی جاتی ہے۔