Monday, September 16, 2024

معالجین نے وزیراعظم کو سفر کی اجازت دیدی‘ کل وطن واپسی کا امکان

معالجین نے وزیراعظم کو سفر کی اجازت دیدی‘ کل وطن واپسی کا امکان
April 18, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وزیراعظم کے خاندانی ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز نے نواز شریف کی صحت تسلی بخش قرار دے دی ہے اور ان کے دو روز میں وطن واپس آنے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف لندن میں ہشاش بشاش ہیں اور وطن واپس آنے کیلئے تیار ہیں۔ وزیراعظم کے خاندانی ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں نے نوازشریف کا آج صبح تیسری مرتبہ طبی معائنہ کیا اور ان کی صحت تسلی بخش قرار دے دی جس کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں سفر کرنے کی اجازت بھی دےدی۔ ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ وزیراعظم دوروز میں اپنے پرائیویٹ جہاز میں لوٹن ائیر پورٹ سے پاکستان کیلئے روانہ ہو جائیں گے۔ کلثوم نواز اور فیملی کے دوسرے ارکان بھی ان کے ساتھ ہوں گے۔ ادھر وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت وزیراعظم ہاو¿س میں وفاقی وزراءاور (ن) لیگی رہنماو¿ں کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید، وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور دیگر شریک تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاناما لیکس پر تحقیقاتی کمیشن بنانے اور دیگر امور پر پارلیمانی قائدین کو اعتماد میں لیا جائے گا اور پارلیمانی قائدین کی مشاورت کے بعد کمیشن کے قیام کا حتمی قدم اٹھایا جائے گا۔ اجلاس میں جسٹس (ر) سرمد جلال عثمانی کی جانب سے پیش کی گئی شرائط اور تجاویز کا جائزہ بھی لیا گیا۔ لیگی رہنماوں نے فیصلہ کیا کہ سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔