Friday, April 26, 2024

توہین عدالت کیس : آئی جی سندھ پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی‘ سماعت ملتوی

توہین عدالت کیس : آئی جی سندھ پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی‘ سماعت ملتوی
December 1, 2015
کراچی (92نیوز) آئی جی سندھ سمیت 15 پولیس افسران نے توہین عدالت کیس میں ایک بار پھر معافی مانگ لی۔ جسٹس سجاد علی شاہ کا کہنا ہے کہ یہ کسی شخص کا نہیں عدالتی تقدس کا معاملہ ہے، فرد جرم تیار کر چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں آئی جی سندھ سمیت پندرہ پولیس افسران کےخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی توپولیس افسران نے ایک بار پھر غیرمشروط معافی مانگ لی۔ ایڈووکیٹ رشید اے رضوی نے بتایا کہ پولیس افسران کےخلاف انکوائری شروع ہو چکی، معاف کر دیا جائے۔ جواب میں جسٹس سجاد علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ دوگھنٹے تک عدالتی گھیراو کیا گیا اور آئی جی سندھ نے نوٹس لینے کی زحمت بھی نہیں کی۔ یہ کسی شخص کا نہیں عدالتی تقدس کا معاملہ ہے، فرد جرم تیار ہو چکی ہے۔ ایڈووکیٹ فاروق ایچ نائیک نے بتایا کہ دس پولیس افسران توہین عدالت کے مرتکب قرار پائے ہیں جبکہ سات کو شوکاز نوٹس جاری کئے ہیں۔ جسٹس سجاد نے مزید ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس میں ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار نہیں دیا۔ عدالتی تنبیہ کے باوجود سندھ حکومت نے ایکشن نہیں لیا۔ بعدازاں عدالت نے سماعت پندرہ دسمبر تک ملتوی کر دی۔