Saturday, April 27, 2024

معاشی مشکلات کے باوجود احساس پروگرام شروع کیا، وزیراعظم

معاشی مشکلات کے باوجود احساس پروگرام شروع کیا، وزیراعظم
October 31, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کوغربت سے نکالنے کے عزم کا اظہار کیا، ڈوئنگ بزنس نمائش کے موقع پر خطاب میں کہا حکومت نے معاشی مشکلات کے باوجود احساس پروگرام شروع کیا، عالمی بینک کے سربراہ کا کہنا تھا پاکستان کو کامیاب ملک دیکھنا چاہتے ہیں۔ پاکستان میں کاروباری آسانیاں پیدا کرنے کی رینکنگ میں بہتری آئی، پاکستان کو برآمدات میں نمایاں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے دوران خطاب کہاکہ کاروباری آسانیوں سے متعلق اقدامات پر ماہرین کی کاوشیں قابل تعریف ہیں، 60 کی دہائی میں پاکستان دنیا میں تیز ترین ترقی کرنے والا ملک تھا، ماضی میں ہمارا نظام حکومت اور بیوروکریسی ایشیا کی بہترین تھیں، بدقسمتی سے پاکستان کے عام آدمی کو ترقی کے ثمرات نہیں ملے۔ عمران خان نے کہا کہ ملکی نظام کو موجوہ دور کے تقاصوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے کوشاں ہیں، پی ٹی آئی حکومت کو معاشی چیلنجز کا سامنا تھا، حکومت اپنی بہترین معاشی ٹیم کی وجہ سے اقتصادی چیلنجز پر قابو پارہی ہے، ہم غریب طبقے کو غربت سے باہر لانا چاہتے ہیں اور احساس پروگرام اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ وزیراعظم نے ملکی ترقی کے لئے اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے حکومت کو مختصر اور طویل المدتی چیلنجز کا سامنا ہے، ملکی ترقی کے لیے نظام تعلیم کو بہتر کرنا ضروری ہے۔ پائیدار ترقی کے حصول کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے، پاکستان کی نوجوان نسل ملک کے لیے اثاثہ ہے۔ انہوں نے بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے سے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری کے لیے اعتماد کا فروغ ضروری ہے۔ عمران خان نے نمائش کے دوران رحیم یار خان ٹرین حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس اور دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ دعا ہے اللہ لواحقین کو صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔