Friday, April 26, 2024

معاشی راہداری کی مخالفت غداری ہے تو میں سب سے بڑا غدار ہوں: اسفند یار ولی

معاشی راہداری کی مخالفت غداری ہے تو میں سب سے بڑا غدار ہوں: اسفند یار ولی
April 30, 2015
چارسدہ (نائنٹی ٹو نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ اگر کاشغر سے گوادر سڑک کی روٹ کی تبدیلی کی مخالفت غداری ہے تو میں پاکستان کا سب سے بڑا غدار ہوں۔چارسدہ کے علاقہ محمد ناڑی میں قومی وطن پارٹی کے رہنما آصف جان خان کی عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اسفندیار ولی کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کی ترقی کےخلاف ہیں نہ ہی چین سے دوستی کی مخالفت کرتے ہیں لیکن پرانے روٹ کی تبدیلی خیبر پختونخوا کےساتھ نا انصافی ہو گی۔ اس عمل سے خیبرپختونخوا کے پسماندہ علاقوں کے عوام میں احساس محرومی بڑھے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اکنامک کوریڈور کا پرانا روٹ میانوالی سے ڈی آئی خان، ژوب اورکوئٹہ سے گوادر تھا لیکن نئے روٹ میں ان تمام پسماندہ علاقوں کو نظر انداز کیا گیا ہے اور اس روٹ کو حویلیاں، اسلام آباد، ملتان اور رتو ڈیرو سے گزار کر گوادر لے جایا جا رہا ہے۔ پلاننگ ڈویژن کی ویب سائٹ سے واضح ہے کہ چین سے معاہدوں کے نتیجے میں 48ارب روپے پنجاب اور 2ارب روپے خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں خرچ ہونگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کےساتھ نا انصافی کی وجہ سے یہاں کے پسماندہ علاقوں کے عوام میں احساس محرومی بڑھے گا۔ یمن کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے اسفندیار ولی نے کہا کہ اگر سعودی عرب پر حملہ ہوا تو یہ ہماری جنگ ہو گی لیکن حکومت کو یمن کے جنگ کا حصہ بننے کے بجائے فریقین میں راضی نامہ کیلئے کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پشاور اور چارسدہ میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا ئی لیکن صوبائی حکومت کے پاس ان تباہ کاریوں سے نمٹے کیلئے پہلے سے کسی قسم کی منصوبہ بندی نہیں تھی۔ عمران خان اور ان کی اہلیہ نے ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت تو کی لیکن کسی بھی جاں بحق فرد کےلئے فاتحہ خوانی یا ان کے لواحقین سے تعزیت نہیں کی۔