Tuesday, May 21, 2024

معاشی حالات سے غریب افراد پر پڑنے والے بوجھ کا مکمل احساس ہے، وزیراعظم

معاشی حالات سے غریب افراد پر پڑنے والے بوجھ کا مکمل احساس ہے، وزیراعظم
March 8, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) عوام کو اشیائے ضروریہ کی خریداری میں سبسڈی کی فراہمی سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔ وزیراعظم کہتے ہیں ملکی معاشی حالات کے باعث غریب افراد پر پڑنے والے بوجھ کا مکمل احساس ہے۔ ہر ممکنہ کوشش ہے کہ غریب عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم کیا جائے۔

وزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدارت اشیائے ضروریہ میں سبسڈی کی فراہمی کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ جس میں وزیرِ خزانہ عبدالحفیظ شیخ، وزیرِ صنعت محمد حماد اظہر، مشیر ڈاکٹر عشرت حسین، معاون خصوصی ڈاکٹر وقار مسعود ، ڈاکٹر ثانیہ نشتر، گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر، متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹری و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔

معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیر اعظم کو احساس فوڈ سٹیمپ پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دی۔ پروگرام کے تحت مستحق افراد کو اشیائے ضروریہ کی خریداری میں حکومت کی جانب سے براہ راست سبسڈی فراہم کی جائے گی۔ براہ راست سبسڈی کی فراہمی سے مستحقین تک حکومتی امداد براہ راست، شفاف طریقے اور فوری طور پر میسر آئے گی۔

وزیرِ اعظم کو پروگرام سے استفادہ پانے والے خاندانوں اور افراد کے اعدادو شمار اور ابتدائی تخمینے پیش کیے گئے۔ وزیرِ اعظم نے پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ملکی معاشی حالات کے باعث غریب افراد پر پڑنے والے بوجھ کا مکمل احساس ہے ۔ ہماری ہر ممکنہ کوشش ہے کہ غریب عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم کیا جائے انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم حکومتی سبسڈی کا شفاف اور موثر استعمال موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔