Sunday, April 28, 2024

معاشی اشاریوں میں بہتری کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے، فردوس عاشق

معاشی اشاریوں میں بہتری کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے، فردوس عاشق
November 19, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) معاشی اشاریوں میں بہتری کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے ،معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے فروغ نسیم کے ہمراہ پریس بریفنگ میں کہا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر وزیراعظم نے نوازشریف بارے جو قدم اٹھایا کابینہ میں سب نے اس کہ تعریف کی۔ معاون خصوصی کہتی ہیں کا بینہ اجلاس میں وزیراعظم کو معاشی اشاریوں میں بہتری کے حوالے سے آگاہ کیا، معاشی اشاریوں میں بہتری پر وزیراعظم نے معاشی ٹیم کو مبارکباد دی، ملکی تاریخ میں پہلی بار کرنٹ اکائونٹ خسارے میں کمی آئی ہے، موثرپالیسیوں سے سرمایہ کار کے اعتماد میں اضافہ ہوا، غریب اور مستحق عوام حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کابینہ اجلاس میں متبادل توانائی کی نئی پالیسی منظور ہوئی، اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی منظوری دی گئی جبکہ سی پیک کے حوالے سے جے سی سی کے فیصلوں کی بھی کابینہ نے منظوری دی۔ وزیرتوانائی نے قابل تجدید توانائی منصوبوں پر بریفنگ دی، 27 وزارتوں کے مختلف اداروں میں 137 خالی اسامیوں کے حوالے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ وزیراعظم پاکستان کا نعرہ ہے دو نہیں ایک پاکستان ہے، اس نعرے کے لیے ہمیں اپنے قوانین کو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے، ہمارے معاشرے میں جو عدم مساوات ہے اس کو ختم کرنے کے لیے تحریک انصاف کی حکومت اتحادیوں سے مل کر کام کر رہی ہے۔ معاون خصوصی بولیں کہ جیل اصلاحات موجودہ حکومت کی ترجیح ہے، کریمنل جسٹس سسٹم کو ٹیکنالوجی کے ساتھ منسلک کیا جائے گا، وزیراعظم نے وفاقی وزارء کو عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی، وزیر اعظم نے معمولی جرائم میں ملوث عمر رسیدہ قیدیوں کا ڈیٹا طلب کر لیا، قتل، زیادتی اور منشیات کے مقدمات میں ملوث قیدی اس میں شامل نہیں۔