Wednesday, April 24, 2024

معاشی استحکام کیلئے توانائی کے شعبے میں اصلاحات ناگزیر ہیں ، وزیرِ اعظم

معاشی استحکام کیلئے توانائی کے شعبے میں اصلاحات ناگزیر ہیں ، وزیرِ اعظم
July 30, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا معاشی استحکام کیلئے توانائی کے شعبے میں اصلاحات ناگزیر ہیں۔ توانائی کے شعبے میں انتظامی خامیاں ، چوری اور کرپشن کسی صورت قابل قبول نہیں۔ وزیرِ اعظم کی زیر صدارت توانائی کے شعبے میں اصلاحات کیلئے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزارء اسد عمر، عمر ایوب خان، گورنر خیبرپختونخواہ شاہ فرمان، وزیرِ اعلیٰ کے پی محمود خان اور متعلقہ محکموں کے وفاقی اور صوبائی حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں انضمام شدہ علاقوں میں ترقیاتی کاموں کی رفتار، مالی سال برائے 2019-20 کےاخراجات اور رواں مالی سال کے لئے مختص شدہ بجٹ کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ توانائی کے شعبے میں وہیلنگ رجیم کے نفاذ، نیٹ ہائیڈل پرافٹس کی ادائیگیوں، پاور جنریشن پالیسی 2015 میں مجوزہ ترمیم اور چشمہ رائٹ بنک کنال منصوبے کو عملی جامہ پہنانے سے متعلق معاملات پر غور کیا گیا۔ وزیر اعظم نے کہا انضمام شدہ علاقوں کی تعمیر و ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انضمام شدہ علاقوں میں انفراسٹرکچر کے قیام کے لئے مختص شدہ فنڈ کے بروقت اجرا کو یقینی بنایا جائے گا۔ وہیلنگ رجیم کے نفاذ میں حائل تمام ایشوز کو اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے جلد سے جلد حل کیا جائے تاکہ اس نظام سے استفادہ کیا جا سکے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا توانائی  کے شعبے سے متعلقہ اداروں کے بورڈ آف دائریکٹرز میں صوبائی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے۔ وزارتِ توانائی، وزارتِ خزانہ ، ایف بی آر صوبائی حکومت نیٹ ہائیڈل پرافٹس کی ادائیگیوں کے معاملے پر طریقہ کار طے کریں۔ پاور جنریشن پالیسی 2015 میں مجوزہ ترمیم کے معاملے پر کابینہ کمیٹی برائے توانائی میں غور کیا جائے۔ منصوبے کی سماجی و معاشی خصوصا زرعی شعبے کی ترقی کے اس اہم منصوبے کی فزیبیلٹی کو چھ ماہ میں مکمل کیا جائے۔