Wednesday, April 24, 2024

معاشرے میں قیامِ امن اور شہریوں کے تحفظ کیلئے پولیس کا کردار اہم ہے، چیف جسٹس

معاشرے میں قیامِ امن اور شہریوں کے تحفظ کیلئے پولیس کا کردار اہم ہے، چیف جسٹس
December 16, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا معاشرے میں قیامِ امن اور شہریوں کے تحفظ کیلئے پولیس کا کردار اہم ہے۔ نیشنل پولیس اکیڈمی میں چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کے اعزاز میں ظہرانے کے موقع پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ آج کی تاریخ سے سقوط ڈھاکہ اور آرمی پبلک سکول کے دلخراش واقعات جڑے ہیں۔ وہ علاقہ اس لیے ہم سے جدا ہوا کیوں کہ ریاست نے ان کا خیال نہیں رکھا۔ ریاست کو شہریوں کے بنیادی حقوق کا خیال رکھنا لازم ہے۔ اگر بنیادی حقوق کا نفاذ نہ ہو تو ریاست کا قائم رہنا مشکل ہو جاتا ہے۔ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا آرمی پبلک سکول سانحہ نے ہم سب کو ہلا کر رکھ دیا۔ اس سانحہ کے بعد بالاخر پوری قوم نیشنل ایکشن پلان پر متفق ہو گئی۔ نیشنل ایکشن پلان کا ایک اہم جزو کریمینل جسٹس سسٹم بھی ہے۔ ہم نے کوشش کی ہے کچھ بہتری لانے کی اور انصاف کے شعبے میں بہتری آ رہی ہے۔ محکمہ پولیس کی بہتری کیلیے بدقسمتی سے حکومتی سطح پر کوئی کام نہیں کیا گیا۔ جسٹس گلزار احمد بہتری کی شمع آگے لیکر چلیں گے۔ بولے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی جب ضرورت پڑی میں دستیاب ہوں گا۔ نامزد چیف جسٹس جسٹس گلزار احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ریفارمز کا کام چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے شروع کیا۔ لوگوں کے جان و مال کا تحفظ اور سیکورٹی فراہم کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے۔ بدقمستی سے کچھ ایسے واقعات ہوئے جن میں پولیس کا کردار نظر نہیں آیا۔ ہم نے اپنی پولیس کو مثالی بنانا ہے۔