Friday, March 29, 2024

مظلوم کشمیری بھائیوں سے دنیا بھر میں اظہار یکجہتی کا سلسلہ جاری

مظلوم کشمیری بھائیوں سے دنیا بھر میں اظہار یکجہتی کا سلسلہ جاری
August 10, 2019
 نیو یارک (92 نیوز) مظلوم کشمیری بھائیوں سے دنیا بھر میں اظہار یکجہتی کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی غیرقانونی  تقسیم اور جنت نظیر وادی کو جیل میں تبدیل کرنے کے خلاف پوری دنیا میں موجود پاکستانی اور کشمیریوں کا احتجاج جاری ہے۔ نیویارک میں  قائم بھارتی مشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں پاکستانی، کشمیری اور سکھ کمیونٹی کے افراد شریک ہوئے ۔ اس موقع پر فضا  بھارت مخالف نعروں سے گونجتی رہی۔ کشمیری رہنما ڈاکٹر غلام نبی فائی ، سینیٹر خالد شاہین بٹ اور سکھ کمیونٹی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر امرجیت سنگھ سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اس وقت بھارت میں نازیوں کی حکومت ہے جو خطے کا امن تباہ کرنے پر تُلی ہوئی ہے۔ فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں قائم بھارتی سفارت خانے کے سامنے بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ کشمیری و پاکستانی کمیونٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ مودی حکومت کا  متنازعہ اقدام غیر اخلاقی اور غیر قانونی ہے جسے  کشمیری عوام کبھی تسلیم نہیں کریں گے ۔ تحریک انصاف امریکا کے رہنما سجاد برکی کی قیادت میں ہیوسٹن میں قائم بھارتی قونصلیٹ کے باہر احتجاج کیا گیا۔ پاکستانی ،کشمیری اور سکھ کمیونٹی کے افراد شریک ہوئے ۔ احتجاج میں خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی۔ کمیونٹی  لیڈران نے  مودی حکومت کی جانب سے آرٹیکل 370 کی منسوخی کو غیر قانونی قرار  دیتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ شرکا نےعالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مودی حکومت پر فیصلہ واپس لینے کیلئے دباؤ ڈالے ۔ اگر ایسا نہ کیا گیا تو جنوبی ایشیا میں بڑی جنگ کا امکان ہے۔