Friday, April 26, 2024

مظلوم فلسطینیوں نے اسرائیلی مظالم اور چلتی گولیوں میں روزہ رکھا

مظلوم فلسطینیوں نے  اسرائیلی مظالم اور چلتی گولیوں میں روزہ رکھا
May 17, 2018
غزہ ( 92 نیوز ) سحر اور افطار ایسے اوقات ہیں جب خاندان کے سب افراد مل کر رمضان کی برکتیں سمیٹتے ہیں ، لیکن خون میں نہائے فلسطینی جن کے دستر خوان خالی ہیں اور ہر طرف سوگ کا سماں ہے ۔ کوئی اپنے بھائی کیلئے اشکبار ،کوئی  لاچار ماں اپنے بیٹے کے غم میں نڈھال نظر آتی ہے تو کوئی  بوڑھا باپ  خمیدہ  کمر کے ساتھ جواں سال بیٹے کو منوں مٹی تلے سلانے جارہا  ہے ۔ فلسطین میں گزشتہ چند ماہ میں سیکڑوں نہتے مسلمان شہید ہو چکے ، رمضان شروع ہو گیا لیکن فلسطینیوں کیخلاف  اسرائیلی مظالم کا سلسلہ ہے کہ رکنے کا نام نہیں لے رہا  ۔ اسرائیلی بندوقوں کی گولیاں نہتے فلسطینیوں کے سینے چھلنی کر رہی ہیں۔ ظالم فوج نے دونوں ٹانگوں سے معذور 29 سالہ نوجوان فادی ابو صلاح کو بھی شہید کر دیا ۔ پہلے روزے پر فلسطینی جہاں خدا سے امن اور اپنے وطن کی آزادی کیلئے دعا گو ہیں ، وہیں دنیا سے بھی شکوہ کناں ہیں کہ ان معصوموں کا قتل عام کرنیوالے اسرائیل کے ہاتھ کون روکے گا؟۔