Thursday, May 9, 2024

مظلوم فلسطینیوں سے اظہاریکجہتی، ملک بھر میں یوم فلسطین منایا گیا

مظلوم فلسطینیوں سے اظہاریکجہتی، ملک بھر میں یوم فلسطین منایا گیا
May 14, 2021

لاہور (92 نیوز) مظلوم فلسطینیوں سے اظہاریکجہتی کے لیے ملک بھر میں آج یوم فلسطین منایا گیا، نمازجمعہ کے اجتماعات میں فلسطین کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ معاون خصوصی برائے مذہبی امور علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ آج علماء مشائخ کونسل کی آواز پر یوم فلسطین منایا جارہا ہے۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج پوری قوم نے اپنے فلسطینیوں کو پیغام دیا ہے کہ ہمارا دل و روح آپ کے ساتھ ہے، جیسے حرمین شریفین جان سے زیادہ عزیز ہے ویسے ہی مسجد اقصیٰ بھی ہے۔ فلسطین اور کشمیر امت مسلمہ کے دو زخم ہیں جن سے خون بہہ رہا ہے، اسرائیلی جارحیت پر وزیراعظم عمران خان مسلم رہنماؤں سے مسلسل رابطے میں ہیں، ہمیں فلسطینوں کی آواز دنیا کے ہر فورم پر بلند کرنی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اسلامی تعاون تنظیم کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے، وزیراعظم عمران خان نے ملاقات میں اسلامی تنظیم سے اپیل کی تھی۔ پاکستان اسلامی تنظیم سے ہر طرح کا تعاون کرنے کے لیے تیار ہے، پاکستان چاہتا ہے کہ فلسطین کا مسئلہ حل ہو۔ ہر سال یہی کچھ ہوتا ہے قیامت برپا ہوتی ہے۔

علامہ طاہر اشرفی بولے کہ وزیر اعظم نے سعودی فرمانروا اور فلسطین کے سفیر سے بھی بات کی ہے، پاکستان کا پورے عالم اسلام کو پیغام ہے کہ اب متحد ہوکر آگے بڑھیں۔ اقوام متحدہ انسانی شہادتوں پر خاموش ہے، اُمید کرتے ہیں اسلامی تعاون تنظیم اجلاس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ مسلم امہ کشمیر اور فلسطین کے مسئلہ پر اب آگے بڑھے گی۔

انہوں نے کہا، علماء نے فیصلہ کیا ہے تمام سیاسی جماعتوں کو جمع کریں گے، تمام لوگوں کو فلسطینوں کے مسئلہ پر جمع کرکے عملی اقدامات اٹھائیں گے۔  اقصیٰ میں نفل ادا کرنے کا وقت اب قریب ہے، عربوں کی کوئی خاموشی نہیں، سب متفق ہیں، او آئی سی کا اجلاس بھی سعودی عرب اور پاکستان کے کہنے پر بلایا گیا ہے۔ فلسطینیوں کے لیے سعودی عرب ہمیشہ صف اول پر ہی رہا ہے۔

معاون خصوصی نے مزید کہا، رویت ہلال کمیٹی کا فیصلہ شرعی حیثیت رکھتا ہے، جن لوگوں کو فیصلے پر اعتراض تھا انہوں نے بھی اسی فیصلے کو مانا۔ شرعی فیصلے پر پوری قوم نے ایک ساتھ عید منائی۔

اس سے قبل اُنہوں نے ٹویٹ کیا کہ آئیں آج مل كر يوم فلسطين منائیں اور فلسطینیوں كو پيغام دیں کہ ہم تمهارے ساتھ ہیں۔ اُنہوں نے مزید لکھا کہ غزه میں اسرائيلى فوج كا داخل ہونا اُمت مُسلمہ کے لیے امتحان ہے۔علامہ طاہر اشرفی