Saturday, April 20, 2024

مظفرگڑھ تلیری کینال میں پچاس فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا، درجنوں بستیاں زیرآب، انتظامیہ کی روایتی لاپروائی اور سستی کیخلاف اہل علاقہ کا احتجاج

مظفرگڑھ تلیری کینال میں پچاس فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا، درجنوں بستیاں زیرآب، انتظامیہ کی روایتی لاپروائی اور سستی کیخلاف اہل علاقہ کا احتجاج
May 11, 2015
مظفرگڑھ (92نیوز) مظفرگڑھ تلیری کینال میں پچاس فٹ چوڑاشگاف پڑنے سے درجنوں بستیاں زیر آب آگئیں، انتظامیہ کے پاس شگاف پر کرنے کے لیے مشینری نہ ہونے کی وجہ سے آبادی والے علاقے متاثر ہونے کا خدشہ، اہل علاقہ کا انتظامیہ کے خلا ف احتجاج۔ تفصیلات کے مطابق مظفرگڑھ کے نواحی علاقے ماہڑہ نشیب میں 2014کو آنیوالے سیلاب کے دوران انتظامیہ نے تلیری کینال میں کٹ لگا کر سیلابی پانی گزارا تھا جس کو سیلابی پانی گزر جانے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے عارضی طور پر تو بند کر دیا لیکن مضبوط نہ کیا تھا آج علی الصبح ماہڑہ نشیب میں اسی جگہ تلیری کینال میں پچاس فٹ چوڑا شگاف پڑگیا اور تیزی کے ساتھ نکلنے والے پانی نے درجنوں بستیوں کو متاثر کر دیا ہے جس کی وجہ سے علاقہ میں بڑے پیمانے پر مقامی افراد کا نقصان بھی ہوا ہے اور شگاف سے نکلنے والے پانی سے قریبی آبادی والے علاقے بھی متاثر ہورہے ہیں جبکہ کئی گھنٹوں لیٹ پہنچنے والی انتظامیہ کے پاس شگاف پر کر نے کے لیے مشینری نہ ہونے کی وجہ سے شگاف پر نہ کیا جا سکا ہے جس پر اہل علاقہ نے شدید احتجاج بھی کیا ہے۔