Thursday, April 25, 2024

مظفر گڑھ کے  تھانوں کی  مخدوش عمارتیں ،عملہ غیر محفوظ

مظفر گڑھ کے  تھانوں کی  مخدوش عمارتیں ،عملہ غیر محفوظ
March 8, 2015
مظفرگڑھ (نائنٹی ٹو نیوز) مظفر گڑھ کے  تھانوں کی سو سال سے زیادہ قدیم  اور مخدوش عمارتیں آثار قدیمہ کی یاد تازہ کر نے لگی۔ بارش کے دوران عمارتیں  زمین بوس ہونے کے ڈر سے پولیس اہلکار سلامتی کی دعائیں مانگنے پر مجبور ہو گئے۔ پنجاب کے پسماندہ ضلع مظفرگڑھ میں اکیس تھانے قائم ہیں جن میں سے بیشتر تھانوں کی عمارتیں انگریز دور کی قائم کردہ  ہیں۔ تھانہ علی پور سٹی کی عمارت انیس سو اٹھائیس، تھانہ کوٹ ادو کی عمارت انیس سو اکیس، تھانہ روہیلانوالی کی عمارت انیس سو چوالیس، تھانہ رنگپور کی عمارت انیس سو ستتر اور تھانہ شہر سلطان کی عمارت انیس سو اٹھانوے میں تعمیر کی گئی۔ تھانہ صدر مظفر گڑھ، سناواں، کندائی، سیت پور، خانگڑھ، چوک قریشی، شاہ جمال، شہر سلطان اور دیگر تھانوں کی عمارتیں بھی پرانی ہونے کی وجہ سے انتہائی خطرناک بن چکی ہیں۔ انیس سو اٹھائیس میں تعمیر ہونے والا تھانہ سٹی علی پورماڈل تھانہ ہونے کے باوجود بوسیدہ عمارت میں تبدیل ہو چکا ہے۔ تاحال تھانے کی چار دیواری مکمل  نہیں  ہوسکی۔ عمارت سڑک سے تقریباً پانچ فٹ نیچی ہے۔ بارش  ہو جائے تو  عملہ پانی نکالتا نظر آتا ہے۔ حکومت  کو سوچنا چاہئے کہ عوام کوتحفظ فراہم کرنے والے اداروں کو تو کم از کم محفوظ عمارت فراہم کی جائے تاکہ وہ ذہنی اذیت سے نکل کر جرائم کے خاتمہ کیلئے کوشاں رہیں۔