Thursday, April 25, 2024

مظاہرین کا سابق وزیرداخلہ چودھری نثار کے گھر پر دھاوا، دروازے توڑ دیئے

مظاہرین کا سابق وزیرداخلہ چودھری نثار کے گھر پر دھاوا، دروازے توڑ دیئے
November 25, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) فیض آباد میں دھرنے پر پولیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کے خلاف مظاہرین نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ۔ مظاہرین نے  اسلام آباد ، شیخوپورہ اور پسرور میں اہم ن لیگی رہنماؤں کے گھروں پر بھی دھاوال بول دیا ۔

سابق وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان کے گھر کے دروازے اور وین کو آگ لگا دی ۔ جبکہ جاوید لطیف مظاہرین کے ہاتھوں زخمی ہو کر اسپتال جا پہنچے۔

سکیورٹی اہلکاروں نے فیض آباد میں دھرنے والوں کے خلاف طاقت کا استعمال کیا کیا کہ مظاہرین بپھر گئے اور ن لیگی رہنماؤں کے گھروں پر دھاوا بول دیا ۔ اسلام آباد میں  مظاہرین نے سابق وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان کے گھر کا گھیراؤ کر لیا جبکہ گھر کے باہر کھڑی وین کو آگ لگا دی پھر بھی غم و غصہ نہ تھما تو گھر کے گیٹ کو بھی  آگ لگا دی ۔

ذرائع کے مطابق بعض سکیورٹی اہلکاروں نے چودھری نثار کے گھر پناہ لی اور گھیراؤ ہونے پر فائرنگ کی۔ جبکہ چودھری نثار علی خان کو بکتر بند گاڑی میں گھر سے  بحفاظت نکالا گیا۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے چودھری نثار کو فون کر کے اُن کی خیریت جانی۔

فیض آباد میں دھرنے کے شرکا کے خلاف کارروائی پر تحریک لبیک یا رسو ل ﷺ کے کارکن ایسے بپھرے کہ پسرور کے علاقے ککے زئی میں وفاقی وزیر قانون زاہد حامد کے ڈیرے پر جا پہنچے ۔جبکہ سکیورٹی اہلکار مظاہرین کے سامنے بے بس دکھائی دیئے۔ مظاہرین نے زاہد حامد کی حویلی میں  شدید توڑ پھوڑ کی ۔

شیخوپورہ میں بھی صورتحال اُس وقت کنٹرول سے باہر ہو گئی جب لیگی رہنما میاں جاوید لطیف اپنے ساتھیوں کے ہمراہ بتی چوک میں مظاہرین کے پاس پہنچے ۔دونوں گروہوں کے درمیان بات چیت ہوئی مگر ناکام ۔ بات چیت کا ناکام ہونا تھا کہ مظاہرین نے میاں جاوید لطیف کو ساتھیوں سمیت دھر لیا اور شدید تشدد کا نشانہ بنایا جنہیں سکیورٹی اہلکاروں نے مظاہرین کے ہاتھوں سے بچایا اور اسپتال منتقل کر دیا۔