Sunday, September 8, 2024

مضاربہ کیس : اربوں روپے کے فراڈ میں ملوث ملزمان ضمانتیں خارج ہونے پر گرفتار

مضاربہ کیس : اربوں روپے کے فراڈ میں ملوث ملزمان ضمانتیں خارج ہونے پر گرفتار
January 11, 2016
اسلام آباد (92نیوز) اربوں روپے فراڈ سے متعلق مضاربہ کیس میں مفتی احسان الحق اور غلام رسول ایوبی سمیت پانچ ملزمان کی ضمانت خارج ہونے پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں کمرہ عدالت کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے مضاربہ کیس سے متعلق مختلف درخواستوں پر سماعت کی۔ نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر احمد خان نے عدالت کو بتایا کہ اسلامی سرمایہ کاری کے نام پر بھاری منافع کا لالچ دے کر مفتی احسان الحق نے شہریوں سے آٹھ ارب روپے سے زائد جبکہ غلام رسول ایوبی نے ساڑھے تین ارب روپے کا فراڈ کیا۔ متاثرین کو رقم واپس کرنے کی یقین دہانی پر ملزمان نے ضمانت حاصل کی مگر عدالت میں دیے گئے شیڈول کے مطابق ادائیگی نہیں کی۔ عدالت نے ملزمان کی ضمانت مسترد کر دی جس کے بعد انہیں کمرہ عدالت کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا۔