Friday, April 26, 2024

مصطفیٰ کمال نے ایک بار پھر کراچی کو ملے فنڈز پر سوال اٹھا دیا

مصطفیٰ کمال نے ایک بار پھر کراچی کو ملے فنڈز پر سوال اٹھا دیا
September 7, 2019
کراچی (92 نیوز) چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال نے ایک بار پھر کراچی کو ملے فنڈز پرسوال اٹھا دیا۔ ساحل سمندر اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ کیس میں چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال، سابق ڈی جی ایس بی سی اے سمیت دیگر ملزمان احتساب عدالت میں پیش ہوگئے۔ تفتیشی افسر غیر حاضر ہونے پر عدالت نے استفسار کیا کہ مفرور ملزمان کی کیا رپورٹ ہے۔ نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ مفرور ملزمان کے گھر پر نوٹس ارسال کر چکے، محسوس ہوتا ہے کچھ ملزمان ملک سے باہر ہیں۔ وکیل نے موقف پیش کیا کہ ریفرنس کے قابل سماعت ہونے پر دلائل کی اجازت دی جائے۔ وقت دیا جائے تاکہ ریفرنس کو سمجھ سکیں۔ اس پر عدالت نے سماعت پانچ اکتوبر تک ملتوی کردی۔ میڈیا سے گفتگو میں مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ یہ زمین سرکاری تھی ہی نہیں، عدالت اور انصاف کے ساتھ بھونڈا مذاق کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو اخلاقی زبان سمجھ نہیں آرہی، پاکستان کو کشمیریوں کی مدد کیلئے طاقت کا استعمال کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں انصاف نام کی کوئی چیز دکھائی نہیں دے رہی۔