Wednesday, April 24, 2024

مصطفیٰ کمال نے کوئٹہ میں پاک سرزمین پارٹی کا دفتر کھول دیا

مصطفیٰ کمال نے کوئٹہ میں پاک سرزمین پارٹی کا دفتر کھول دیا
May 28, 2016
کوئٹہ (92نیوز) پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال تین روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مخالفین کو گلے لگائیں گے۔ الطاف حسین ”را“ کے ایجنٹ ہیں اس لیے وہ مخالفین میں شامل نہیں۔ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی ہی سے مسائل حل ہو نگے۔ تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال اپنے قریبی ساتھی انیس قائم خانی کے ہمراہ کوئٹہ پہنچے تو ائیرپورٹ پر کارکنوں کی بڑی تعداد سبز ہلالی پرچم اٹھائے اپنے قائد کے استقبال کے لیے موجود تھے۔ ایئرپورٹ روڈ سے گاڑیوں کا قافلہ روانہ ہوا اور عدالت روڈ پہنچا جہاں پارٹی کے صوبائی دفتر بلوچستان ہاوس کا افتتاح کیا۔ کوئٹہ پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی تبلیغ کے لئے نکلا ہوں‘ اپنے سفر کا آغاز بلوچستان سے کیا۔ بلوچستان کے لاپتہ افراد کے حوالے سے ان کا کہناتھا کہ عدالت کے ذریعے انصاف دیا جائے۔ مخالفین کو گلے لگانے کی بات پر کسی نے الطاف بھائی کو بھی گلے لگانے کا پوچھا تو مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ مخالفین میں الطاف بھائی شامل نہیں کیونکہ وہ ”را“ کے ایجنٹ ہیں۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ اختیارات نچلی سطح پر منتقل کئے جائیں تو مسائل حل ہو جائیں گے۔ سانحہ بلدیہ پر مکمل تحقیقات ضروری ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں بہت کچھ معلوم ہے۔ مصطفیٰ کمال نے وقت آنے پر بتانے کا وعدہ بھی کیا۔