Thursday, September 19, 2024

مصطفیٰ کمال جس کا بھی کمال ہے جلد ظاہر ہوجائے گا : مولا بخش  چانڈیو

مصطفیٰ کمال جس کا بھی کمال ہے جلد ظاہر ہوجائے گا : مولا بخش  چانڈیو
March 6, 2016
حیدرآباد(92نیوز)صوبائی مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ مصطفی کمال جس کا بھی کمال ہے ایک دو روز میں ظاہر ہوجائے گا، ایم کیو ایم پر را کا ایجنٹ ہونے کے الزام قومی سلامتی کا معاملہ ہے جس کی تحقیقات ہونی چاہئے۔ تفصیلات کےمطابق حیدرآباد پریس کلب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ انہوں نے زندگی میں بڑے کمالات دیکھے ہیں، مصطفی کمال کس کا کمال ہے ایک دو روز میں ظاہر ہوجائے گا، انہوں نے کہا کہ مصطفی کمال اور انیس قائم خانی کی پریس کانفرنس کے اثرات ایم کیو ایم پر ہوسکتے ہیں اور کوئی نیا گروپ سامنے آسکتا ہے لیکن سندھ اور ملکی سیاست پر اس کے کوئی اثرات مرتب نہیں ہوں گے۔ مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پر را کا ایجنٹ ہونے کے الزامات قومی سلامتی کا معاملہ ہے اس کی تحقیقات ہونی چاہئے، ایم کیو ایم کئی حکومتوں میں شامل رہی ہے، مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ عمران خان بھی ایم کیو ایم کے خلاف کاغذات کا پلندہ لے کر لندن گئے تھے لیکن پرسکون لوٹ آئے۔ مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلی پنجاب کے بیانات کے بعد نیب کا انصاف متنازع بن گیا ہے اب نیب کو اپنی غیر جانبداری ثابت کرنا ہوگی۔