Saturday, May 18, 2024

مصطفی نواز کھوکھر اور شکیل عباسی کی عبوری ضمانت منظور

مصطفی نواز کھوکھر اور شکیل عباسی کی عبوری ضمانت منظور
March 27, 2019

اسلام آباد ( 92 نیوز) نیب اولڈ ہیڈ کوارٹرز کے باہر ہنگامہ آرائی کے کیس میں پیپلزپارٹی کے سینیٹر مصطفی نواز  کھوکھر اور پیپلزپارٹی اسلام آباد کے صدر شکیل عباسی کی عبوری ضمانت منظور کر لی گئیں ۔

آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کی نیب میں پیشی کے موقع پر پولیس اہلکار کو دھکے دینے کے کیس پر  ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد جہانگیر نے سماعت کی۔

دوران سماعت پراسیکيوٹر نے استدعا کي کہ مصطفی نواز  کھوکھر نے پوليس اہلکار کو تھپڑ مارے جس سے پوليس کا مورال ڈاؤن ہوا ضمانت منظور نہ کرنے کی استدعا کی۔

مصطفی نواز کھوکھرکے وکيل نے دلائل ديئے کہ بلاول بھٹو کی پيشی پر کارکن آئے ، بلاوجہ سياسی مقدمہ بنايا گيا۔

عدالت نے مصطفی نواز کھوکھر اور پیپلزپارٹی اسلام آباد کے صدر شکیل عباسی کی ضمانت 5،5 لاکھ مچلکوں کے عوض منظور کرلی۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر  کا کہنا تھا کہ  پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے، ہمیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، ہمارے کارکنوں کو مارنے کے بعد ایف آئی آر کا اندراج سیاسی انتقام ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی پی کارکنوں نے ہمیشہ ڈٹ کر مقابلہ کیا، ہمارے لیڈرز کی جہاں بھی کوئی تاریخ اور پیشی ہو گی، کارکن ضرور پہنچیں گے۔

مصطفی نواز  کھوکھر کا یہ بھی کہنا تھا کہ دوران سماعت پراسیکیوشن کی جانب سے مضحکہ خیز چیزیں سامنے آئی ہیں، مجسٹریٹ کی طرف سے کمپلینٹ ہی موجود نہیں تھی۔