Friday, May 17, 2024

مصطفٰی السرتی 15 ویں چیف آف دی نیول اسٹاف انٹر نیشنل اسکواش چیمپئن شپ کے فاتح قرار

مصطفٰی السرتی 15 ویں چیف آف دی نیول اسٹاف انٹر نیشنل اسکواش چیمپئن شپ کے فاتح قرار
November 6, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) مصطفٰی السرتی نے 15 ویں چیف آف دی نیول اسٹاف انٹر نیشنل اسکواش چیمپئن شپ کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔

چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب پاکستان نیوی روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر البحر نے اسکواش کے کھیل سے پاک بحریہ کی طویل وابستگی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن اسکواش کا سال 2000 سے باقاعدہ انعقاد ملک میں اسکواش کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کے عزم کا مظہر ہے۔

مہمان خصوصی نے پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن، پاکستان اسکواش فیڈریشن، کھلاڑیوں، اسپانسرز اور ٹورنامنٹ کے منتظمین کا ایونٹ کے شاندار انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔

بعد ازاں، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے چیمپئن شپ کے فاتح اور رنر اپ میں انعامات تقسیم کیے اور انہیں ان کی محنت اور قابل قدر کامیابی پر مبارکباد دی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ مصر کے

مصطفٰی السرتی اور ہانگ کانگ کے فنگ یپ کے درمیان کھیلا گیا۔ ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد مصطفٰی السرتی نے میچ جیت لیا۔

اختتامی تقریب میں سول و عسکری معززین، اسپانسرز، قومی کھلاڑیوں اور اسپورٹس کمیونٹی کے سینئر کھلاڑیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔