Wednesday, April 24, 2024

مصر: محمدمرسی، محمد بداعی اور 100دیگر افراد کی سزائے موت کا فیصلہ برقرار !!! امریکہ، ترکی، اقوام متحدہ، یورپی یونین اور انسانی حقوق تنظیموں کی مذمت

مصر: محمدمرسی، محمد بداعی اور 100دیگر افراد کی سزائے موت کا فیصلہ برقرار !!! امریکہ، ترکی، اقوام متحدہ، یورپی یونین اور انسانی حقوق تنظیموں کی مذمت
June 17, 2015
قاہرہ (ویب ڈیسک) امریکہ، ترکی اور اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں نے مصری عدالت کی جانب سے محمد مرسی کو سزائے موت کا فیصلہ برقرار رکھنے کی مذمت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مصری عدالت نے ملک کے سابق صدر محمد مرسی کی سزائے موت کا فیصلہ برقرار رکھا ہے جس پر امریکہ ، ترکی اور اقوام متحدہ نے فیصلے پر اظہار تشویش کیا ہے۔ عدالت نے محمد مرسی کو حماس، حزب اللہ اور ایران کیلئے جاسوسی کے الزامات کے تحت عمر قید کی سزا بھی سنائی ہے۔ انہیں اپنے دور صدارت میں مظاہرین کیخلاف تشدد پر اکسانے کے مقدمہ میں ماہ اپریل میں بیس سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ اسی عدالت نے مرسی اور 100 دیگر افراد کو 16مئی کو سزائے موت دی تھی اور اپنے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔ اخوان المسلمون نے سزا کیخلاف جمعہ کے دن احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ وائٹ ہاو¿س اور یورپی یونین نے بھی فیصلے کو افسوسناک اور پریشان کن پیشرفت قرار دیا ہے جبکہ رجب طیب اردوان نے اسے بنیادی حقوق اور آزادیوں کا قتل قرار دیا ہے۔ بان کی مون اور ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی فیصلے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ جج شعبان الشامی نے ملک کے مفتی اعظم سے مشورے کے بعد رولنگ دی۔ جج نے اخوان المسلمون کے مرشد اعلیٰ محمد بداعی سمیت دیگر 100 افراد کی سزائے موت کی بھی توثیق کر دی ہے۔ مصری صدر عبدالفتح السیسی نے عدالتی فیصلوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ سزاعدالتی عمل کاحصہ ہے اور انہیں سزا کیخلاف اپیل کا حق ہے۔