Friday, March 29, 2024

مصباح اور وقار کے تجربات پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کو لے ڈوبے

مصباح اور وقار کے تجربات پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کو لے ڈوبے
November 8, 2019
لاہور (92 نیوز) نت نئے تجربات ٹی ٹوئنٹی کی نمبر ون پاکستانی ٹیم کو لے ڈوبے۔ سری لنکا سے وائٹ واش کے بعد ہیڈ کوچ  اورچیف سلیکٹر مصباح الحق اور باؤلنگ کوچ وقار یونس آسٹریلیا کیخلاف اپنی دوسری اسائنمنٹ میں بھی ناکام رہے۔ چیف سلیکٹر، ہیڈکوچ، بیٹنگ کوچ مصباح الحق کا قوم کو دو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ہار کا تحفہ دیدیا، نت نئے تجربے کرنے کی کوشش ٹیم مینجمنٹ کے گلے پڑگئی، بابر اعظم بطور کپتان  اپنے پہلے ہی امتحان میں ناکام ہوگئے۔ مسٹر ٹک ٹک مصباح الحق کو تین پاور فل عہدے ملنے کے بعد سری لنکا کیخلاف آسان سیریز کا ٹاسک ملا۔ مصباح الحق کی دفاعی اپروچ کے باعث تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ناتجربہ کار سری لنکا نے سرفراز الیون کو وائٹ واش کی ہزیمت سے دوچار کیا۔ پاکستان کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے صرف دور روز قبل سری لنکا کو ہوم گراؤنڈ پر وائٹ واش سے دوچار کرنیوالی آسٹریلیا  نے اپنی ہائی اسپرٹ برقرار رکھی۔ کینگروز نے نئے اور پرانے شاہینوں کو تگنی کا ناچ نچاتے ہوئے سیریز دو صفر سے اپنے نام کرلی۔ مسلسل دو سیریز اور 6 میچ ہارنے پر ٹی ٹوئنٹی کی عالمی نمبرون ٹیم کی اہلیت، ٹیم سلیکشن اور مینجمنٹ کے کردار پر کئی سوالات اٹھنا شروع ہوگئے ہیں جن کا جواب شاید ابھی کسی کے پاس نہیں ہے۔