Saturday, May 11, 2024

مصالحتی کونسل ختم ہونے سے طلاق کی شرح میں اضافہ

مصالحتی کونسل ختم ہونے سے طلاق کی شرح میں اضافہ
September 15, 2019
فیصل آباد ( 92 نیوز) بلدیاتی نظام ختم ہونے سے جہاں دیگر مسائل پیدا ہو رہے ہیں وہیں مصالحتی کونسل ختم ہونے سے طلاقوں کی  شرح میں بھی اضافہ ہو رہاہے ۔ میاں بیوی کے رشتے کو قائم رکھنے کے لئے  اصلاح  کیلئے وقت اشد ضروری ہے ، یہ کام مصالحتی کونسل کرتی تھی جو کہ لڑائی جھگڑے کی صورت میں  میاں بیوی کو سوچنے کیلئے  90 روزکا وقت دیتی تھی ۔ دیکھنے میں آیا ہے کہ ان 90 ایام میں  فریقین میں صلح کا رجحان زیادہ ہوتا تھا۔ مصالحتی کونسلوں کے خاتمے سے  اب میاں بیوی کے مابین لفظی تو تکار ہی طلاق کی نوبت تک پہنچ جاتی ہے جس کے بعد واپسی کا کوئی راستہ نہیں رہتا۔سال 2017ء میں 12 ہزار 137، 2018ء میں 12 ہزار 790 جبکہ رواں سال اب تک 9 ہزار 658 طلاق اور خلع کے کیسز رپورٹ ہوئے۔ 346 یوسی چیئرمین  ختم ہونے سے اب ذمہ داری ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اکیلے سرانجام دے رہے ہیں  ، میاں بیوی کے اختلافات اپنی جگہ ثالث کا کردار ختم ہونے سے طلاق کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔ طلاق کی شرح میں کمی کیلئے  بنائی گئی ثالثی کونسل کے خاتمے سے معاشرے کی اصلاح کا ایک اہم باب بند ہوگیا ہے ۔