Thursday, April 25, 2024

مشیلے باٹیلی کا مقبوضہ کشمیر اور نئی دہلی کی صورتحال پر اظہار تشویش

مشیلے باٹیلی کا مقبوضہ کشمیر اور نئی دہلی کی صورتحال پر اظہار تشویش
February 29, 2020
جنیوا (92 نیوز) اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی سربراہ مشیلے باٹیلی نے مقبوضہ کشمیر اور نئی دہلی کی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا، متنبہ کیا کہ بھارتی قانون نافذ کرنے والے ادارے طاقت کے استعمال سے گریز کریں اور مظاہرین کے ساتھ نرمی سے پیش آئیں۔ جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کے 43 ویں اجلاس سے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی سربراہ نے خطاب کیا اور مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد سے بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور متنازع شہریت بل کے مظاہرین پر طاقت کے استعمال پر بھارتی حکومت کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ مشیلے باٹیلی نے کہا ہے کہ وادی کشمیر میں انسانی حقوق معطل اور نئی دہلی میں آزادی اظہار رائے کو کچلا جارہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر انہوں نے کہا 5 اگست کے بعد سے وادی میں بنیادی انسانی حقوق معطل ہیں اور اب بھی 800 سے زائد رہنماء اور شہری بغیر ٹرائل کے تاحال پابند سلاسل ہیں۔ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی سربراہ نے نئی دہلی میں متنازع شہریت بل کیخلاف مظاہرہ کرنے والوں پر ریاستی جبر اور طاقت کے استعمال پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ مشیلے باٹیلی نے کہا کہ مسلمانوں کی جانوں اور املاک کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ ہندوستانیوں نے بڑی تعداد میں قانون کی مخالفت کی۔ ہندوستان میں عوام کی بڑی تعداد ملک کی سیکولر روایات کیساتھ کھڑی ہے۔