Friday, April 26, 2024

مشیر ماحولیات نے بھارت کو ماحولیاتی دہشت گرد قرار دینےکے لئے ڈوزیئر عالمی ادارہ میں پیش کر دیا

مشیر ماحولیات نے بھارت کو ماحولیاتی دہشت گرد قرار دینےکے لئے ڈوزیئر عالمی ادارہ میں پیش کر دیا
March 16, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) بھارت کی ماحولیاتی دہشتگردی پر پاکستان نے سخت ایکشن لیتے ہوئے معاملہ اقوام متحدہ کی ماحولیاتی اسمبلی میں اٹھا دیا۔ بھارت کو ماحولیاتی دہشت گرد قرار دینے کا ڈوزیئر عالمی ادارہ ماحولیات میں پیش کردیا گیا ۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر مشیر ماحولیات ملک امین اسلم نے ڈوزیئر عالمی ادارہ ماحولیات میں پیش کیا ۔ ڈوزیئر میں کہا گیا ہے کہ 26 فروری کو بھارتی فضائیہ نے پے لوڈ پاکستانی جنگلات پر گرانے کی شرمناک حرکت کی، ماحولیاتی اثاثوں کو نقصان پہنچایا۔ مشیرماحولیات ملک امین اسلم کا کہناتھا  کہ بھارت کو درختوں کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کرنا ہو گا۔  دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان ماحولیات کےتحفظ میں سنجیدہ ہے۔ ڈوزیئرمیں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت نے پے لوڈ گرا کر جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی اور عالمی قوانین کی دھجیاں اڑائیں۔ پاکستان نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ بھارتی وزیراعظم  نریندر مودی کو دیا گیا "چیمپئین آف ارتھ" کا خطاب فوری واپس لے۔