Friday, April 26, 2024

مشیر قومی سلامتی ناصر خان جنجوعہ عہدے سے مستعفی ہو گئے

مشیر قومی سلامتی ناصر خان جنجوعہ عہدے سے مستعفی ہو گئے
June 27, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) مشیر قومی سلامتی  ناصر خان جنجوعہ عہدے سے مستعفی ہو گئے ، نگران وزیر اعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک نے مشیر قومی سلامتی کا استعفیٰ منظور کرلیا ۔ مشیر قومی سلامتی نے ن لیگ کی حکومت کے خاتمے پر31مئی کو اپنا استعفیٰ پیش کیا لیکن نگران حکومت نے اُنہیں کام جاری رکھنے کو کہا ۔ چند روز بعد مشیر قومی سلامتی کی دوبارہ تقرری کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہوا تاہم ن لیگ حکومت میں مشیر قومی سلامتی کو وزیر مملکت کا حاصل کردہ درجہ نوٹیفکیشن کی زینت نہ تھا۔ ذرائع کہتے ہیں کہ شاید یہی بنیادی وجہ تھی کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر)ناصر جنجوعہ نے سبکدوشی کو ترجیح دی تاہم بیشتر حلقے اُنکی نجی اور خاندانی مصروفیات کو مستعفی ہونے کی وجہ قرار دے رہے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر)ناصر جنجوعہ نے 23جون 2015ءکو وزیر اعظم کے مشیر قومی سلامتی چارج سنبھالا ، مشیر قومی سلامتی نے افغانستان ،ایران ، خلیجی و وسط ایشیائی ریاستوں کیساتھ تعلقات کی بہتر ی، علاقائی استحکام ، سی پیک منصوبے کی کامیابی اور تجارتی وسعت میں اہم کردار ادا کیا ۔