Sunday, May 12, 2024

مشیر صحت نے گریڈ 20 کی سیٹ پر گریڈ 17 کا کنٹریکٹ ملازم بٹھا دیا

مشیر صحت نے گریڈ 20 کی سیٹ پر گریڈ 17 کا کنٹریکٹ ملازم بٹھا دیا
November 16, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کی میرٹ پالیسی نظر انداز کر دی گئی۔ مشیر صحت نے گریڈ 20 کی سیٹ پہ گریڈ 17 کا کنٹریکٹ ملازم بٹھا دیا۔ ڈاکٹر ارسلان حیدر مشیر صحت کے منظور نظر گردانے جاتے ہیں۔ میرٹ میرٹ اور میرٹ کی تلقین کرنے والے وزیراعظم عمران خان کی حکومت نے خود ہی میرٹ کی دھجیاں اُڑانا شروع کردیں۔ میرٹ کی تازہ ترین خلاف ورزی حال ہی میں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ختم کر کے پاکستان میڈیکل کمیشن  کے نام سے بنائے گئے ادارے میں سامنے آئی ہے۔ نائنٹی ٹو نیوز کو حاصل ہونےوالی دستاویزات کے مطابق۔حکومت نے گریڈ بیس کی سیٹ پہ گریڈ سترہ کا کنٹریکٹ ملازم بٹھا دیا۔ دستاویزات کے مطابق پاکستان میڈیکل کمیشن میں سیکرٹری کے عہدے پر مشیر صحت کے منظور نظر جونئیر ڈاکٹر کو تعینات کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر ارسلان حیدر پولی کلینک میں گریڈ سترہ کے کنٹریکٹ ملازم ہیں۔ اسسٹنٹ ڈینٹل سرجن ڈاکٹر ارسلان تقرری کے کچھ ہی عرصہ میں اسسٹنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر کوآرڈینیشن بن گئے تھے۔ ان تمام عہدوں کے ساتھ ڈاکٹر ارسلان حیدر کو سیکرٹری پی ایم سی کا چارج بھی دے دیا گیا۔ پاکستان میڈیکل کمیشن ملک بھر میں میڈیکل کالجز، ڈاکٹرز کی رجسٹریشن کا مجاز ادارہ ہے۔ڈاکٹرز کے خلاف شکایات بھی یہیں سنی جاتی ہیں۔ ادارے سے نکالے جانےوالے تین سو سے زائد ملازمین آج بھی سراپا احتجاج ہیں۔