Sunday, May 5, 2024

مشیر تجارت رزاق داؤد نے پاکستان اسٹیل ملز پر بھی نظریں جما لیں

مشیر تجارت رزاق داؤد نے پاکستان اسٹیل ملز پر بھی نظریں جما لیں
January 11, 2019
 اسلام اباد (92 نیوز) مہمند ڈیم کا ٹھیکہ ، پیکو کے شیئرز من پسند کمپنیوں میں فروخت کے بعد مشیرتجارت رزاق داؤد نے پاکستان اسٹیل ملز پر نظریں جما لیں۔ وزیراعظم کے مشیر تجارت رزاق دائود کی من پسند حبکو اور نجی سٹیل کمپنیوں پر نوازشات کا سلسلہ نہ رک سکا۔ پاکستان سٹیل ملز کی بحالی پلان کے لئے کمپنیوں کے انتخاب میں پیپرا رولز کی سنگین خلاف ورزیاں کی گئیں۔ مشیر صنعت رزاق داود نے سٹیل ملز بحالی پلان کیلئے من پسند گروپ حبکو اور نجی سٹیل کمپنیوں کا انتخاب کرلیا۔ حبکو اور نجی سٹیل کمپنیوں کو بحالی پلان کا ٹاسک سونپنے میں پیپرا رولز کی شق نمبر3 کی سنگین خلاف ورزی کی گئی۔ وزارت صنعت وپیداوار نے کارپوریٹ گورننس رولز کے منافی سٹیل ملز بورڈ کو منظوری دینے کا کہا۔ سٹیل ملز بورڈ کو اہم ترین اور انتہائی خفیہ دستاویز بھی نجی گروپ کو دینے کی ہدایت کی گئی۔ ایڈیشنل سیکرٹری وزارت صنعت مطہر نیاز رانا نے سرکاری افسران کی حبکو اور دیگر گروپس کیساتھ خلاف ضابطہ ملاقاتیں کرائیں۔  ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے مشیر تجارت رزاق داؤد کے اقدام کے خلاف چئیرمین نیب اور چئیرمین پاکستان سٹیل ملز کو خط  لکھ دیا جس میں انکوائر کی سفارش کی گئی ہے۔ مشیر تجارت رزاق دائود کے اقدام نے کئے سوالات کو جنم دیدیا۔ پاکستان سٹیل ملز کی بندش سے نجی سٹیل کمپنیوں کو ایف بی آر نے کیسے نوازا؟۔ کیا اربوں کا فائدہ حاصل کرنے والی کمپنیاں پاکستان سٹیل ملزکی بحالی کا پلان تیار کر پائیں گی؟۔