Saturday, April 27, 2024

میگامنی لانڈرنگ اسکینڈل،آصف زرداری اور فریال تالپور جے آئی ٹی کے روبرو پیش

میگامنی لانڈرنگ اسکینڈل،آصف زرداری اور فریال تالپور جے آئی ٹی کے روبرو پیش
November 28, 2018
کراچی ( 92 نیوز) سابق صدر اور شریک چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی آصف علی  زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال  تالپور سندھ میں میگامنی لانڈرنگ اسکینڈل کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کےروبروپیش ہو گئے ۔ دونوں نے جے آئی ٹی کے روبرو اپنا  بیان ریکارڈ کروایا،بلاول بھٹوزرداری اور بحریہ ٹاون کے  ملک ریاض جے آئی ٹی کے سامنے پیش  نہیں ہوئے۔ سابق صدرآصف زرداری  گلستان جوہر میں جے آئی ٹی کے روبرپیش ہوئے ، ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے جے آئی ٹی کے سوالات کےجوابات دئے۔ ذرائع کےمطابق  آصف علی زرداری سے  جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے زرداری گروپ کے اکاؤنٹس میں رقم منتقلی سے متعلق سوالات کئے گئے۔ آصف زرداری سے پہلے ان کی بہن فریال تالپور بھی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئیں ، جی آئی ٹی حکام نے فریال تالپور سے سوا گھنٹے تک تفتیش کی اور مختلف سوالات بھی پوچھے۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری جے آئی ٹی کےسامنے پیش نہیں ہوئے۔ذرائع کےمطابق بلاول بھٹو زرداری وکیل کے ذریعے جے آئی ٹی کا سوال نامہ حاصل کریں گے ۔ بلاول بھٹو کی جانب سے سوالنامہ پر جواب  جمع کرایا جائے گا۔ بحریہ ٹاؤن کے ملک ریاض بھی جے آئی ٹی کے سامنے پیش  نہیں ہوئے۔ انہوں نے وکیل کے ذریعے جواب دیاکہ وہ بیمار ہیں پیش نہیں ہوسکتے۔ بتایاکہ مختلف نوعیت کی بیماریاں ہیں اور زیادہ دیر تک ایک جگہ پر بیٹھ بھی نہیں سکتے،بیماری کی وجہ سے مختصر وقت میں دھوپ کی ضرورت پڑتی ہے۔ ملک ریاض نے درخواست کی کہ انہیں  پیش ہونے کے لیے مزید وقت دیا جائے۔