Friday, April 26, 2024

مشکل کی ہر گھڑی میں بیرون ملک پاکستانیوں نے بھرپورکردار نبھایا، شاہ محمود

مشکل کی ہر گھڑی میں بیرون ملک پاکستانیوں نے بھرپورکردار نبھایا، شاہ محمود
April 25, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا۔ امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں کہا مشکل کی ہر گھڑی میں بیرون ملک پاکستانیوں نے بھرپورکردار ادا کیا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس اجلاس میں آپکی ورچوئل شرکت پر آپ کا شکرگزار ہوں میں آپ سب کو رمضان المبارک کی مبارک باد پیش کرتا ہوں اللہ تعالیٰ اس ماہ صیام کے صدقے پوری انسانیت کو اس وبا سے نجات دے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا میں 50 ہزار سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں اور نو لاکھ سے زیادہ لوگ اس وباء کا شکار ہو چکے ہیں جو انتہائی تکلیف دہ امر ہے۔ میں ان تمام خاندانوں کے ساتھ اظہار تعزیت کرنا چاہتا ہوں جن کے پیارے اس وباء کے دوران جدا ہوئے۔ وزیر خارجہ بولے کہ ہماری ملاقات ایک ایسے مشکل اور غیر معمولی وقت میں ہو رہی ہے جب کرونا وباء نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ امریکا جو دنیا کی سب سے بڑی معاشی قوت ہے اس کا عالم یہ ہے تو ہمارے جیسے ترقی پذیر ممالک کی صورت حال کا اندازہ آپ بخوبی لگا سکتے ہیں۔ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ دنیا کو ملکر عالمی وباء کا مقابلہ کرنا ہے۔ پاکستان میں کورونا کا عروج جون کے اوائل میں ہوسکتا ہے۔ کورونا صرف طبی نہیں معاشی چیلنج بھی ہے۔ پاکستانی ڈاکٹرز عالمی وباء میں پوری دنیا میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔