Thursday, May 9, 2024

مشق امن 21 کا مقصد فاصلے کم کرنا،باہمی تعاون کا فروغ ہے، رئیر ایڈمرل نوید اشرف

مشق امن 21 کا مقصد فاصلے کم کرنا،باہمی تعاون کا فروغ ہے، رئیر ایڈمرل نوید اشرف
February 8, 2021

کراچی (92 نیوز)کثیر املکی بحری مشق امن 21 کی میڈیا بریفنگ فلیٹ ہیڈ کوارٹرز کراچی میں منعقد ہوئی ، کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل نوید اشرف نے بتایا کہ مشق ام 21 کا مقصد فاصلے کم کرنا ، باہمی تعاون کا فروغ ہے ۔

ریئر ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ ’’ امن کے لئے متحد‘‘ کے نعرے کے تحت پاک بحریہ کی جانب سے امن مشق پاکستان کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے کیلئے ہر دو سال بعد منعقد کی جاتی ہے ۔ یہ مشق علاقائی امن و استحکام ، سمندری حدود میں دہشتگردی کے خلاف عزم ، محفوظ اور پائیدار سمندری ماحول کو برقرار رکھنے کیلئے باہمی تعاون اور سب سے بڑھ کر علاقائی  اور دیگر بحری افواج  کے مابین باہمی آپریشنز کی استعداد کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی اور ظلم کے خلاف جنگ میں لاتعداد قربانیوں اور نقصانات کے باوجود ثابت قدم رہا ہے۔ حالیہ وبائی مرض کورونا نے پہلے سے ہی پیچیدہ سیکیورٹی کے معاملات میں ایک اور جہت شامل کردی ہے تاہم  ہماری قیادت کے بروقت اور درست فیصلوں نے ہمیں مستحکم رکھا ہے۔

کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل نوید اشرف نے  کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اورمتعدد چیلنجز کے خلاف اپنا بھرپورکردار ادا کرتا رہے گا۔ کسی بھی بحری ریاست کی طرح پاکستان بھی سمندری شعبے میں کئی اہم مفادات کا حامل ہے۔ محفوظ اور جرائم سے پاک سمندروں سے ہمارے مفادات تین واضح حقائق سے وابستہ ہیں ۔  اول، تجارت کے لئے سمندروں پر ہمارا غیرمعمولی انحصار ، دوم سی پیک پراجیکٹ کو فعال بنانا؛ اورسوئم عالمی توانائی کی شاہراہ پر ہمارا اہم اسٹریٹجک مقام،  مجموعی طور پر یہ حقائق سمندری استحکام کو ہماری قومی سلامتی کا ایک اہم پہلو بناتے ہیں۔