Wednesday, April 24, 2024

پاکستان اپنی سرزمین کسی دوسرے کیخلاف استعمال نہیں ہونے دیگا، وزیر خارجہ

پاکستان اپنی سرزمین کسی دوسرے کیخلاف استعمال نہیں ہونے دیگا، وزیر خارجہ
January 6, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سینیٹ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال بہت نازک اور تشویشناک ہے ، پاکستان اپنی سر زمین کسی دوسرے کیخلاف استعمال نہیں ہونے دیگا۔ خطہ عرصہ سے کشیدگی کا شکار رہا ، بہت سے ایسے مسائل ہیں جس پر  توجہ نہیں د ی گئی ۔ اپنے خطاب میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ 27 دسمبر کو عراقی بیس پر ایک میزائل  حملہ ہوا جس میں امریکا کو نقصان ہوا ، 29 دسمبر کو امریکا نے رد عمل مں کارروائی کی جس میں  25 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوئے ۔ امریکا نے  حملے کا ذمہ دار ایران کو ٹھہرایا اور جنرل قاسم سلیمانی کو ماسٹر مائینڈ قرار دیتے ہوئے 3 جنوری کو ڈرون حملے میں  مار دیا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آیت اللہ خامنہ ای جنرل قاسم کے  برملا انتقام کا اظہار اور وعدہ کر چکے ہیں، صدر حسن روحانی واقعہ کو عالمی دہشت گردی سے تشبیہ دے رہے ہیں،  ایرانی وزیر خارجہ سمجھتے ہیں کہ یہ نہایت تشویشناک کھیل تھا،  صورتحال کوئی بھی کروٹ لے سکتی ہے، ابھی کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کی نظر میں امریکی حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے ، جنرل قاسم سلیمانی کے جنازے سے رد عمل کی کیفیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے ، ایران اور عراق میں احتجاجی کیفیت دیکھنے میں آئی، لوگوں نے غم و غصے کا اظہار کیا۔