Thursday, April 25, 2024

مشرق وسطیٰ پر جنگ کے سائے منڈلانے لگے

مشرق وسطیٰ پر جنگ کے سائے منڈلانے لگے
January 6, 2020
بغداد ( 92 نیوز) ایرانی کمانڈر کی موت کے بعد مشرق وسطیٰ پر جنگ کے سائے منڈلانے لگے،امریکا کے بعد برطانیہ نے بھی خطے میں فورسز بڑھانا شروع کردیں۔سعودی  فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا خطے میں  کشیدگی ختم کرنے پر زور دیا جب کہ ترک صدر طیب اردوان کہتے ہیں ایرانی جنر ل کا قتل امریکی حماقت ہے۔ بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں امریکا کے بعد برطانیہ نے بھی خطے میں فورسز بڑھانا شروع کردیں،برطانیہ نے   اپنے دو جنگی بیڑے خلیج فارس روانہ کردیئے۔ ایرانی وزیر خارجہ  جواد ظریف سے چینی  ہم منصب وانگ یی نے  ٹیلی فونک گفتگو کی ،جس میں  قاسم سلیمانی کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ، وانگ یی کا کہنا تھا کہ امریکی حملہ بنیادی عالمی اقدار کی سنگین خلاف ورزی ہے جس سے خطے میں مزید کشیدگی پھیلے گی۔ دوسری جانب سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے عراقی صدر  برہام صالح سے ٹیلی فونک رابطہ کیا،شاہ سلمان  نے خطے میں کشیدگی ختم کرنے کی  اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب عراق میں  استحکام اور سکیورٹی کی حمایت کرتا ہے ۔ ادھر ایرانی ہیکرز نے امریکا کی فیڈرل ڈیپوزٹری لائبریری پروگرام کی ویب سائٹ بھی ہیک کرلی، جہاں امریکا مخالف گرافکس پوسٹ کردی گئی ہیں،، ہیکرز کا کہنا ہے کہ یہ صرف ایران کی سائبر قابلیت کا ایک چھوٹا سا مظاہرہ ہے،ایرانی پاسداران انقلاب نے  امریکا سے بدلہ لینے کے یورپ میں اہداف کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ۔ دوسری جانب ترک صدر طیب اردوان نے جنرل قاسم سلیمانی کی موت کو امریکی حماقت قرار دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ خطے میں دیرپا امن کیلئے بیرونی مداخلت کو روکنا ہوگا،امریکا کی فٹبال ٹیم نے کشیدہ صورتحال کے سبب  قطر میں  اپنا ٹریننگ کیمپ منسوخ کردیا۔