Saturday, May 11, 2024

مشرق وسطیٰ میں کشیدگی، قومی اسمبلی کی خارجہ امور کمیٹی کا اجلاس آج طلب

مشرق وسطیٰ میں کشیدگی، قومی اسمبلی کی خارجہ امور کمیٹی کا اجلاس آج طلب
January 8, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر قومی اسمبلی کی خارجہ امور کمیٹی کا اہم اجلاس آج طلب کر لیا گیا ، عراق کی طرف سفر کرنے والے یا وہاں مقیم پاکستانیوں کیلئے انتباہ بھی جاری کیا گیا ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں پاکستان کی خواہش ہے خطہ جنگ کی نئی دلدل میں نہ پھنسے۔ خطے پر جنگ کے سیاہ بادل منڈلانے لگے ، پاکستانیوں کیلئے انتباہ جاری کر دیا گیا ،  ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی شہری عراق کا سفر کرتے ہوئے انتہائی محتاط رہیں جبکہ عراق میں موجود پاکستانیوں کو بغداد میں سفارتخانہ سے رابطہ رکھنے کی ہدایت دے دی گئی ۔ مشرقی وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا  اہم بیان سامنے آ گیا ، کہا کہ جنگ کسی کے مفاد میں نہیں، اس سے عالمی معیشت پر اثرات مرتب ہوں گے ، پاکستان امن کا خواہشمند ہے۔   امریکا میں بھی ایک بڑا طبقہ جنگ نہیں چاہتا، خطہ کشیدگی میں اضافے کا متحمل نہیں ہے ، کوشش ہے خطے میں کشیدگی نہ ہو۔ انہوں نے کہا  کہ بھارت میں حالات مزید بگڑتے جارہے ہیں، بھارت داخلی حالات سے توجہ ہٹانے کیلئے فالس فلیگ آپریشن کرسکتا ۔ ادھر قومی اسمبلی کی خارجہ امور کمیٹی کا اہم اجلاس جمعرات کو ہو گا  ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایران امریکہ کشیدگی اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بریفنگ دیں گے ، وزیر خارجہ موجود ہ صورتحال پر پاکستان کی سفارتی پالیسی سے آگاہ کریں گے ، بھارت کے متنازعہ شہریت ایکٹ پر سیکرٹری خارجہ کمیٹی کو بریفنگ دیں گے ۔