Sunday, September 8, 2024

مشرق وسطی میں تاریخی امن معاہدے کرائے ، ڈونلڈ ٹرمپ

مشرق وسطی میں تاریخی امن معاہدے کرائے ، ڈونلڈ ٹرمپ
January 20, 2021

واشنگٹن (92 نیوز) ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارت کے آخری روز الوداعی پیغام میں کہا مشرق وسطی میں تاریخی امن معاہدے کرائے۔

مسلم ممالک پر پابندی، یروشلم میں دارالحکومت کی منتقلی، ماحولیاتی آلودگی کے عالمی معاہدے اور اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں سے علیحدگی اور کئی سیاسی تنازعات کو ہوا دینے والے امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ چار سالہ اقتدار کے بعد آج وائٹ ہاوس سے رخصت ہو رہے ہیں۔

الیکشن میں دھاندلی کے الزامات، پارلیمان پر حملے اور واشنگٹن ڈی سی کے فوجی چھاونی میں تبدیل ہونے کے بعد ٹرمپ نے الوداعی خطاب کیا تو کچھ بدلے بدلے دکھائی دیئے۔

20منٹ کے الوداعی ویڈیو پیغام میں انہوں نے اپنے دور حکومت کی کامیابیاں گنوائیں اور حیران کن طور پر نئی انتظامیہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

پارلیمان پر حملہ کرنے والوں سے لاتعلقی اختیار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کیپیٹل ہل پر حملے سے تمام امریکی خوفزدہ ہوئے۔ سیاسی تشدد ہر اس چیز پر حملہ ہے جس پر ہم بطور امریکی فخر کرتے ہیں۔ اس کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

اپنی کامیابیوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’ہم نے وہ سب کچھ حاصل کیا جس کے لیے ہم یہاں آئے تھے اور اس سے بھی کہیں زیادہ کیا۔

انہوں نے مشرق وسطیٰ کی اپنی متنازع پالیسیوں کو جرات مندانہ اور معاہدوں کو تاریخی قرار دیا جب کہ آخری پیغام میں بھی ایران پر تنقید کرنا نہ بھولے۔