Thursday, May 2, 2024

مشرف کے لوگوں نے 12مئی کو نہتے کارکنوں پر حملہ کیا تھا، بلاول بھٹو

مشرف کے لوگوں نے 12مئی کو نہتے کارکنوں پر حملہ کیا تھا، بلاول بھٹو
May 12, 2018
کراچی ( 92 نیوز )کراچی کے باغ جناح میں پیپلز پارٹی کے جلسے کے دوران چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ 12 مئی کو  پرویز مشرف کے لوگوں نے نہتے کارکنوں پر حملہ کیا ،کراچی میں لاشیں گر رہی تھیں اور ڈکٹیٹر مسکرا رہا تھا ،پیپلز پارٹی شہیدوں کا خون ضائع نہیں ہونے دے گی ۔  آئندہ انتخابات کراچی کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے ، ایم کیو ایم کو ووٹ دے کر آپ کراچی کا مقدر نہیں بدل سکتے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایم کیو ایم والے پیسوں کی بندر بانٹ کیلئے ایک ہوئے، یہ نہ خود کام کرتے ہیں نہ کسی کو کرنے دیتے ہیں، کراچی سے کشمور تک پانی پہنچانے کیلئے ہم نے لائنیں بچھائیں ۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ کراچی کے مسئلوں کا علم ہے،آپ کی مشکلات کا احساس ہے، کراچی کی انڈسٹری کو عروج دے کر روزگار کے مواقع بڑھائیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان نے پہلے بھی آپ کو ورغلانے کی کوشش کی آج پھر کر رہے ہیں ، کے پی میں یونیورسٹی،اسپتال تک نہیں بنائے، کراچی والو آپ نے کسی کے دھوکے میں نہیں آنا۔ بلاول بھٹو زرداری نے ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کے فور پر سندھ حکومت نے اپنے حصے کا کام کرلیا،وفاق ذمہ داری پوری نہیں کررہا،آج تک وفاق کی ترجمانی صرف پیپلزپارٹی نے کی ہے، ناکام لیگ کیا جانے وفاقی پارٹی کیا ہوتی ہے۔ انتخابات کے بعد ہم سمندر کے پانی کو میٹھا بنانے کیلئے پلانٹس لگائیں گے۔ بلاول بھٹو لکھی ہوئی تقریر کو پڑھنے میں غلطی بھی کر گئے اور الیکشن 2018 کو الیکشن 2008 بول گئے ۔