Friday, April 26, 2024

مشرف کے خلاف فیصلے میں استعمال زبان قابل مذمت ہے ، خالد مقبول صدیقی

مشرف کے خلاف فیصلے میں استعمال زبان قابل مذمت ہے ، خالد مقبول صدیقی
December 20, 2019

کراچی (92 نیوز) رہنما ایم کیوایم خالد مقبول صدیقی نے کہا مشرف کے خلاف فیصلے میں استعمال زبان قابل مذمت ہے ، ہم سب کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔

متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماوں کی بہادرآباد میں پریس کانفرنس ہوئی۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ خصوصی عدالت کے فیصلے نے اس کے میرٹ پر بہت سارے سوالات اٹھا دیے ہیں۔ کسی ایک شخص پر سارا فیصلہ ڈال دینا انتقامی کارروائی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کو اداروں کے درمیان تصادم و کشیدگی تصور کرتے ہیں۔

متحدہ قومی موومنٹ نے پرویز مشرف سے اظہار یکجہتی کیلئے اتوار کو دوپہر دو بجے ریلی نکالنے کا اعلان بھی کیا۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد لیاقت آباد فلائی اوور پر اظہار یکجہتی ریلی میں شرکت کریں۔

متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان مضبوط جمہوریت کو ہی پاکستان کی ترقی سمجھتی ہے۔ پاکستان میں ایسا عدالتی نظام دیکھنا چاہتے ہیں جس میں چھوٹے اور بڑے سب کو برابر کی سزا ملے۔

ادھر چودھری شجاعت حسین نے کہا پرویزمشرف کیس کے فیصلے سے فوج کا مورال ڈاؤن اور عوام کو تکلیف ہوئی۔ اگر کسی جج کیخلاف ایسا فیصلہ آیا تو کون عملدرآمد کرے گا۔