Sunday, September 8, 2024

مشرف کو باہر جانے دیں یا نہ جانے دیں ... حکام سوچ میں پڑ گئے

مشرف کو باہر جانے دیں یا نہ جانے دیں ... حکام سوچ میں پڑ گئے
March 17, 2016
اسلام آباد (92نیوز) پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر دستخط کر دیے گئے۔ وزارت داخلہ اور پرویز مشرف کے وکلاءکو بھی فیصلے کی مصدقہ نقول فراہم کر دی گئی ہیں۔ پرویز مشرف بیرون ملک جائیں گے یا نہیں فیصلہ وزارت داخلہ کرےگی۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی نے پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق دو صفحات پر مبنی عدالتی فیصلے پر دستخط کر دیے ہیں۔ فیصلے کی مصدقہ نقل پرویز مشرف کے وکیل فیصل چوہدری ایڈوکیٹ کو بھی فراہم کر دی گئی ہے جو انھوں نے خود وزارت داخلہ جا کر متعلقہ حکام کے حوالے بھی کرد ی ہے۔ پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملہ پر وزارت داخلہ سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔ اس سلسلہ میں وزرات داخلہ کا ای سی ایل سیکشن خاصا متحرک ہے۔ وزارت داخلہ کے متعلقہ حکام نے اس ضمن میں وزرات قانون سے بھی مشاورت کی ہے جس میں سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غازی رشید قتل اور سنگین غداری کیس ٹرائل سمیت سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے مختلف نکات پر بھی غور ہوا۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے میں آمادگی کے باوجود حکومت نے محتاط اندازاپنا رکھا ہے۔ اسی لئے پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے حوالے سے اب تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔ بدھ کے روز پرویز مشرف کی جانب سے دائر کردہ درخواست کا فیصلہ سناتے ہوئے سپریم کورٹ نے قرار دیا تھا کہ پرویز مشرف کے بیرون ملک سفر پر کوئی عدالتی پابندی نہیں ہے تاہم وفاقی حکومت اور پرویز مشرف کے خلاف آئین شکنی کے مقدمے کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت اگر سابق صدر کو گرفتار کرتی ہے یا ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنا چاہتی ہے تو یہ ان کا اختیار ہوگا۔