Friday, March 29, 2024

مشرف نےکئی بار ملنےکی خواہش کا اظہارکیا لیکن وہ نہیں ملے : نوازشریف

مشرف نےکئی بار ملنےکی خواہش کا اظہارکیا لیکن وہ نہیں ملے : نوازشریف
March 21, 2017
اسلام آباد(92نیوز)وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ، وزیراعظم  کہتے ہیں ایسا عدالتی نظام لانا چاہتے ہیں کہ کبھی فوجی عدالتوں کی ضرورت نہ پڑے۔ نوازشریف نے انکشاف کیا مشرف نے کئی بار ملنے کی خواہش کا اظہار کیا لیکن وہ نہیں ملے ۔ تفصیلات کےمطابق وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس وزیراعظم ہاوس میں ہوا۔ وزیراعظم نے اجلاس تاخیر سے بلانے پر ارکان سے معذرت کی۔ وزیراعظم نواز شریف نے فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے معاملے پر ارکان کو اعتماد میں لیا۔ ان کا  کہنا تھا کہ  ایسا عدالتی نظام لانا چاہتے ہیں کہ کبھی فوجی عدالتوں کی ضرورت نہ پڑے ۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے فوجی عدالتوں میں توسیع ضروری ہے۔  اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مخالفین کے الزامات کو سنجیدہ نہ لیا جائے، ارکان پارلیمنٹ عوامی مسائل پر توجہ مرکوز رکھیں، ہم ہر امتحان میں سرخرو ہونگے۔ 92 نیوز نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی تفصیلات بھی حاصل کر لی ہیں ۔ وزیراعظم نے 50 منٹ تک اجلاس سے خطاب کیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے انکشاف کیا کہ پرویز مشرف نے کئی بار ملنے کی خواہش کا اظہارکیا لیکن انھوں نے ملنا گوارہ نہیں کیا۔ وزیراعظم کا کہناتھا کہ وہ اصولوں پرکبھی سمجھوتہ نہیں کرینگے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے ماضی حال اور مستقبل کی سیاست پر کھل کر بات کی۔ ہر دو ماہ بعد پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ اجلاس میں وزرا نے اپنی اپنی وزارت کی کارکردگی پر بھی بریفنگ دی گئی۔