Sunday, September 8, 2024

مشرف آرٹیکل 6 کے ملزم ہیں‘ باہر کیسے گئے ؟ قومی اسمبلی میں گرما گرم بحث

مشرف آرٹیکل 6 کے ملزم ہیں‘ باہر کیسے گئے ؟ قومی اسمبلی میں گرما گرم بحث
March 21, 2016
اسلام آباد (92نیوز) اپوزیشن نے سابق صدر پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے پر حکومت کو کڑی تنقیدکا نشانہ بنایا۔ تفصیلات کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی زیرصدارت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس شروع ہوا تو شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ قوم پوچھنا چاہتی ہے کہ پرویز مشرف باہر کیسے گیا؟ لوگ پوچھ رہے ہیں مشرف ڈیل سے باہر گیا یا مک مکا سے؟ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آئین میں موجود آرٹیکل چھ کا کیا بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ مشرف تو دبئی میں سیاسی سرگرمیاں کر رہے ہیں اور سگار پی رہے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے وزیراعظم کا 24 جون 2013ءکا خطاب پڑھ کر ایوان کو سنا دیا۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے 24 جون 2013ءکو اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے مشرف کو آئین شکن قرار دیا تھا۔ وزیراعظم نے ایمرجنسی لگانے پر مشرف کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا کہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف نے آئین توڑا، وزیراعظم کو گرفتار کیا اور عوام کے مینڈیٹ کی توہین کی لیکن حیرت ہے کہ حکومت کی جانب سے آرٹیکل 6 کے ملزم کو احترام کے ساتھ ملک سے باہر بھجوا دیا گیا۔ وزیر داخلہ نے اپوزیشن کی تقریروں کا جواب دیتے ہوئے کہا مشرف کو سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں باہر جانے کی اجازت دی۔ اپوزیشن حقائق کو مسخ نہ کرے۔ پی ٹی آئی نے مشرف کا ساتھ دیا اور پیپلز پارٹی اپنے دور میں خاموش رہی۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ مشرف کے خلاف مقدمات ہم نے نہیں بنائے بلکہ موجودہ حکومت نے غداری کا مقدمہ بنایا۔ ن لیگ کے رہنما نے کہا تھا کہ مشرف باہر گیا تو اچھا نہیں ہوگا۔ ایک وزیر نے تو یہاں تک کہہ دیا تھا کہ حکومت چلی جائے لیکن مشرف باہر نہیں جائیگا۔ سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ صرف پرویز مشرف نے ملک سے فرار اختیار نہیں کیا بلکہ وزیراعظم بھی پارلیمنٹ سے فرار ہوگئے ہیں‘ ان کے جاتے ہی ایوان مچھلی منڈ ی بن گیا ہے۔