Saturday, May 18, 2024

مشتعل وکلاءکا پنجاب اسمبلی پر دھاوا، پتھراﺅ کے بعد مین گیٹ کو آگ لگا دی، غصہ ٹھنڈا نہ ہوا تو ایلیٹ فورس کی گاڑی بھی جلا دی

مشتعل وکلاءکا پنجاب اسمبلی پر دھاوا، پتھراﺅ کے بعد مین گیٹ کو آگ لگا دی، غصہ ٹھنڈا نہ ہوا تو ایلیٹ فورس کی گاڑی بھی جلا دی
May 26, 2015
لاہور (92نیوز) لاہور میں ڈسکہ واقعہ کیخلاف احتجاج کرنے والے مشتعل وکلاءنے پنجاب اسمبلی کی عمارت پر دھاوا بول دیا، پتھراو کیا اور مین گیٹ کو آگ لگا دی، امدادی ٹیمیں آگ بجھانے کیلئے پہنچیں تو انہیں بھی روکتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈسکہ میں پولیس سے تصادم کے نتیجہ میں دو وکلاءکی ہلاکت پر آج بھی شدید احتجاج کیا گیا۔ وکلاءنے لاہور ہائیکورٹ سے احتجاجی ریلی نکالی اور بازووں پر سیاہ پٹیاں باندھے مظاہرین نے حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ 3   ریلی پنجاب اسمبلی کے سامنے پہنچی تو مشتعل وکلاءنے اسمبلی عمارت پر دھاوا بول دیا اور پتھراو کیا۔ مظاہرین نے سکیورٹی کیلئے لگی خاردار تاریں اکھاڑ کر اسمبلی عمارت میں داخل ہونے کی کوشش بھی کی اور سکیورٹی شیڈ اور مین گیٹ کو آگ لگا دی۔ پنجاب اسمبلی کے سامنے ہنگامہ آرائی کا یہ سلسلہ ایک گھنٹے سے زائد جاری رہا۔ آگ بجھانے کیلئے ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں پہنچیں تو وکلاءان کے راستے میں بھی رکاوٹیں کھڑی کرتے رہے۔ 4   پنجاب اسمبلی کے سامنے ہنگامہ آرائی کے بعد وکلاءدوبارہ لاہور ہائیکورٹ پہنچے اور ایلیٹ فورس کی گاڑی کا گھیراو کر کے ڈرائیور کی دوڑ لگوا دی اور بعدازاں گاڑی کو نذر آتش کر دیا۔ قبل ازیں کسی بھی کشیدہ صورتحال سے نبٹنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ اور اس کے اطراف میں پولیس کو ہٹا کر رینجرز کو تعینات کیا گیا تھا جس نے صورتحال کو دیکھتے ہوئے پنجاب اسمبلی کی عمارت کو بھی اپنے حصار میں لے لیا۔