Thursday, April 25, 2024

مشترکہ مفادات کونسل کی متبادل انرجی پالیسی کی منظوری

مشترکہ مفادات کونسل کی متبادل انرجی پالیسی کی منظوری
August 6, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) مشترکہ مفادات کونسل نے متبادل انرجی پالیسی کی منظوری دے دی۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا 42 واں اجلاس ہوا جس میں 8 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ ، وفاقی وزراء، اٹارنی جنرل اور متعلقہ حکام کی شرکت ہوئی۔ مشترکہ مفادات کونسل نے متبادل انرجی پالیسی کی منظوری دیدی ۔ اجلاس کے  شرکا کو اوگرا آرڈیننس 2002 میں ترمیم کے معاملے پر بریفنگ دی گئی ۔ سال 18-2017 کی مشترکہ مفادات کونسل کی سالانہ جائزہ رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ صوبوں کے درمیان پانی کے مسئلے پر کونسل کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کی روشنی میں تجاویز پیش کی گئیں۔ اٹھارویں ترمیم کے بعد ایچ ای سی ، عوامی فلاح اور صحت سے متعلق فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لیا گیا۔ ٹیکس، ایل این جی کی امپورٹ کے معاملات بھی زیر غور آئے۔ مشترکہ مفادات کونسل  کے اجلاس میں  گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد رپورٹ  بھی پیش کی گئی ۔ شرکا کو کوویڈ 19 سے متعلق صوبوں کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی ۔ اس موقع پر وزیراعظم نے سمارٹ لاک ڈائون پر صوبائی حکومتوں کے اقدامات کی تعریف کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت صوبوں سے کیے جانے والے وعدے پورے کرے گی ۔ صوبے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد جاری رکھیں۔