Saturday, April 20, 2024

مشترکہ مفادات کونسل نے نیشنل الیکٹرک سٹی پالیسی 2021 کے مسودے پر غور کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی

مشترکہ مفادات کونسل نے نیشنل الیکٹرک سٹی پالیسی 2021 کے مسودے پر غور کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی
June 17, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) مشترکہ مفادات کونسل نے نیشنل الیکٹرک سٹی پالیسی 2021 کے مسودے پر غور کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی۔ کمیٹی آئندہ اجلاس میں مسودے کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے گی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا معاملہ اٹھا دیا۔ 

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا 46 واں اجلاس ہوا جس میں نیشنل الیکٹرک سٹی پالیسی 2021 کے مسودے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں پالیسی پر مزید غور کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

کمیٹی نیشنل الیکٹرک سٹی پالیسی 2021 کا جائزہ لے کر حتمی مسودہ پیش کرے گی۔ کمیٹی میں وزیر خزانہ، وزیر توانائی، وزیر قانون، معاون خصوصی برائے بجلی اور صوبوں کے وزرائے اعلیٰ شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق دوران اجلاس پانی، بجلی، گیس سمیت اہم معاملات پر غور کیا گیا جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا معاملہ اُٹھا دیا۔ مشترکہ مفادات کونسل کا آئندہ اجلاس 21 جون پیر کو ہوگا۔