Friday, April 19, 2024

مشترکہ حکمت عملی جدید ملٹری آپریشنز کیلئے بنیادی اہمیت کی حامل ہے ، ایڈمرل ظفر محمود عباسی

مشترکہ حکمت عملی جدید ملٹری آپریشنز کیلئے بنیادی اہمیت کی حامل ہے ، ایڈمرل ظفر محمود عباسی
June 23, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا اور نیشنل سکیورٹی اور وار کورس کے شرکاء سے خطاب کیا۔ یونیورسٹی پہنچنے پر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے پریذیڈنٹ لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید نے نیول چیف کا استقبال کیا۔ کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف نے خطے کے جیو اسٹریٹیجک ماحول اور انڈین اوشن ریجن میں موجودہ سیکیورٹی کی صورت حال پر اظہار خیال کیا اور پاکستان کے لیے دستیاب مواقع اور درپیش میری ٹائم سکیورٹی چیلنجز پر روشنی ڈالی۔ امیر البحر نے مزید کہا کہ مشترکہ حکمت عملی جدید ملٹری آپریشنز کیلئے بنیادی اہمیت کی حامل ہے۔ ملکی سمندری حدود کو درپیش خطرات کے پیش نظر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاکستان نیوی کے ایسے ترقیاتی منصوبوں اور دیگر اقدامات کا بھی ذکر کیا جن کے پیچھے پاک بحریہ کو خطے میں ایک اہم میری ٹائم قوت بنانے کا تصور کار فرما ہے۔ نیول چیف نے اس امر پر زور دیا کہ پاک بحریہ ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول جیسے انفرادی اور مشترکہ میری ٹائم سیکیورٹی اقدامات کے ذریعے بین الاقوامی پانیوں کی سیکیورٹی اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہمیشہ ہر اول دستے کا کردار ادا کرتی رہی ہے۔ نیول چیف نے ملکی معیشت کے استحکام کے لیے سمندری وسائل کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی اور اس حوالے سے پاک بحریہ حکومت کی معاونت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ افواج پاکستان کے آپریشنل عزم کو سراہتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ اللہ سبحان و تعالی کی ذات پر کامل یقین کے ساتھ پاک بحریہ اپنی سمندری حدود کی حفاظت سے متعلق کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ انھوں نے کورس کے شرکاء کو تلقین کی کہ وہ اپنے پیشہ وارانہ امور پر گہری نگاہ کے ساتھ اسلامی تاریخ اور نظریہ پاکستان سے رہنمائی حاصل کریں۔ امیرالبحر نے مسلح افواج کے افسران کو مستقبل کے چیلنجز سے روشناس کروانے کیلیے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے کردارکو سراہا۔ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی پاکستان کا اعلی عسکری تربیت کا ادارہ ہے جہاں افواج پاکستان اور دیگر دوست ممالک کے افسران کو جدید عسکری تربیت دی جاتی ہے تاکہ وہ مستقبل میں اہم عہدوں پر فرائض انجام دے سکیں۔