Friday, April 19, 2024

مشترکہ اپوزیشن نے کورونا ٹائیگر فورس کو مسترد کردیا

مشترکہ اپوزیشن نے کورونا ٹائیگر فورس کو مسترد کردیا
March 31, 2020

لاہور ( 92 نیوز) ایک جانب تو وزیر اعظم عمران خان نے  کورونا ٹائیگر فورس کو لانچ کر رہے ہیں ، لیکن مشترکہ اپوزیشن نے کورونا ٹائیگر فورس کو مسترد کر دیا  ، شہباز شریف  نے دیگر رہنماؤں سے مشاورت کے بعد حکومت سے مطالبات کی فہرست جاری کر دی کہا کہ  فوج، رینجرز، پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی موجودگی میں ٹائیگر فورس کا قیام صرف سیاسی مقاصد کیلئے ہے۔

کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدبیروں پراپوزیشن میں بھی مشاورت ہوئی ،  مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں سے رابطے کیے ہیں ۔

شہبازشریف نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری اور جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فون  پررابطہ کیا ، شہبازشریف نے امیرجماعت اسلامی سراج الحق، محمود خان اچکزئی، آفتاب شیرپاؤ اور سینیٹر میر حاصل خان بزنجو سے بھی تبادلہ خیال کیا۔

اپوزیشن لیڈرنے پارلیمنٹری ریلیف مانیٹرنگ کمیٹی کی تشکیل کے حوالے سے مشاورت کی،اس دوران مشترکہ مطالبات پراتفاق بھی کیاگیا ۔ مطالبہ کیا گیا کہ پارلیمانی مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دی جائے جو کورونا ریلیف فنڈ کی نگرانی، فنڈز کی منصفانہ اور شفاف تقسیم کو یقینی بنائے ۔

حکومت عالمی وبا کے خلاف آنے والی امداد کو اپنے سیاسی مفادات کے لئے استعمال نہ کرے ، کورونا پارلیمانی سینٹ اور قومی اسمبلی ہیلتھ قائمہ کمیٹی کا اجلاس فی الفور طلب کیاجائے ، اپوزیشن رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ موجودہ صورتحال میں مجلس قائمہ صحت کا اجلاس فوری طلب کیاجائے۔

مجلس قائمہ صحت کے اجلاس میں پارلیمانی رہنماؤں کو بریفنگ دی جائے کہ اصل صورتحال کیاہے اور حکومت کی کیا حکمت عملی ہے؟ ، سرکاری اسپتالوں میں کورونا کے ٹیسٹ، سکریننگ مفت فراہم کی جائے اور اس کا دائرہ پھیلایا جائے۔

اپوزیشن رہنماؤں نےکورونا ٹائیگر فورس کو مستردکردیا،ان کاکہناتھا قانون نافذکرنے والے ادارے، افوجِ پاکستان رینجرز، پولیس کی موجودگی میں یہ اقدام محض سیاسی مقاصد کے لئے ہے، لوکل گورنمنٹ فوری بحال کی جائے۔