Thursday, May 9, 2024

مشتاق مہر کو آئی جی سندھ بنانے کا فیصلہ، ذرائع

مشتاق مہر کو آئی جی سندھ بنانے کا فیصلہ، ذرائع
January 27, 2020

 کراچی (92 نیوز) مشتاق مہر کو آئی جی سندھ بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق مشتاق مہر دو روز بعد آئی جی سندھ کا چارج سنبھالیں گے۔ مشتاق مہر کراچی پولیس چیف کےعہدے پر تعینات رہ چکے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کراچی میں مصرف دن گزرا۔ گورنر ہاوس میں وزیر اعلی سندھ سے ملاقات کی۔ عمران اسماعیل بھی ملاقات میں شریک تھے۔

 ذرائع کے مطابق ملاقات میں آئی جی سندھ کلیم امام کی جگہ مشتاق مہر کو آئی جی سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مشتاق مہر کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن آج جاری کئے جانے کا امکان ہے۔

 دوسری طرف عمران خان پیر پگارا سے ملنے کنگری ہاوس پہنچے تو اتحادیوں نےآئی جی سندھ کی تبدیلی پر احتجاج کی۔ ذرائع کے مطابق جی ڈی اے رہنماوں نے آئی جی سندھ کی تبدیلی کا فیصلہ موخر کرنے کا مطالبہ بھی کیا اور کہا کہ گورنر سندھ کو مسائل اور تجاویز سے آگاہ کیا تھا۔

 عمران خان نے کہا کہ عمران اسماعیل نے انہیں اس بارے میں کچھ نہیں بتایا۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نےعمران اسماعیل کی سرزنش کی اور آئندہ جی ڈی اے سے معاملات کی ذمہ داری اسد عمر کے حوالے کر دی۔

اس سے پہلے وزیراعظم نے صنعتکاروں اور تاجروں کے وفد سے بھی ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق تاجر برادری نے وفاقی وزراء کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے اور شکوہ کیا کہ وفاقی وزراء کے پاس کراچی کے صنعتکاروں کی بات سننے کا وقت نہیں۔ یہ بھی کہا کہ 54 فیصد برآمد کرنے والے شہر کی مشکلات بڑھتی جارہی ہے۔

 ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ان سے کہا کہ مایوسی نہ پھیلائیں، امید کی کرن بنیں۔ تاجروں نے کہا کہ وہ مایوسی نہیں پھیلاتے حقائق کی باتیں کرتےہیں۔  صنعتکاروں نے کہا کہ مارک اپ ریٹ بہت زیادہ ہے۔ پیداواری لاگت بڑھ گئی ہے، صنعتیں نہیں چل پا رہی۔  

وزیراعظم نے کہا کہ پالیسیاں درست سمت میں جارہی ہیں، حالات جلد ٹھیک ہوجائینگے۔