Monday, September 16, 2024

مشال خان قتل کیس: سپریم کورٹ نے پشاور ہائی کورٹ کو جوڈیشل کمیشن بنانے سے روک دیا

مشال خان قتل کیس: سپریم کورٹ نے پشاور ہائی کورٹ کو جوڈیشل کمیشن بنانے سے روک دیا
April 19, 2017
اسلام آباد (92 نیوز) مشال خان قتل کے معاملے میں جوڈیشل کمیشن بنانے کی ضرورت کیوں محسوس ہوئی؟؟ سپریم کورٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے وضاحت طلب کرلی۔ پشاور ہائیکورٹ کو کمیشن بنانے سے روک بھی دیا۔ چیف جسٹس کہتے ہیں مقدمے میں مکمل انصاف ہوگا۔ تحقیقاتی ٹیم میں فوج۔ آئی ایس آئی کا نمائندہ ہوناچاہئے۔ سوشل میڈیا پر مشال خان قتل کیس کے حوالے سے ملزمان کے اقبالی بیان گردش کررہے ہیں۔ جو مواد چل رہا ہے اس کے نتائج دیکھیں گے۔ ملک میں بدقسمت واقعہ رونماءہوا۔ عوام کو حقائق کا علم ہونا چاہئے۔ یہ کہا ہے چیف جسٹس میاں ثاقب نثارنے۔ جو مشال خان قتل پر ازخود نوٹس کیس کی سماعت کررہے تھے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ تحقیقات پر اثر انداز نہیں ہونا چاہئے۔ تحقیقاتی اداروں پر مکمل اعتماد ہے۔ نتائج چاہئیں، تحقیقات کی نگرانی خود کرینگے۔ جوڈیشل کمیشن کے ٹی او آرز کیا ہیں یہ بتایا جائے۔ آئی جی خیبرپختونخوا نے رپورٹ مکمل کرنے کےلئے مزید مہلت مانگ لی۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ 80 فیصد تحقیقات مکمل کر لی گئی ہیں۔ جلد از جلد تحقیقات مکمل کرکے چالان پیش کریں گے۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگومیں آئی جی کا کہنا تھا کہ شفاف تحقیقات ہونگی۔ عدالت نے خیبرپختونخوا پولیس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی خیبرپختونخوا کو آئندہ سماعت پر حاضری سے استثنیٰ دیدیا۔ کیس کی مزید سماعت 27اپریل کو ہوگی۔