Thursday, May 2, 2024

مسیحاؤں کی ہڑتال پانچویں روز میں داخل ، مریض خوار

مسیحاؤں کی ہڑتال پانچویں روز میں داخل ، مریض خوار
May 7, 2019
لاہور ( 92 نیوز ) پنجاب میں مسیحاؤں کی ہڑتال پانچویں روز میں داخل ہو گئی ، لاہور سمیت مختلف شہروں میں ینگ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف احتجاج کی راہ پر گامزن ہیں ، سرکاری اسپتالوں کی اوپی ڈیز میں کام ٹھپ کر دیاگیا  ہے جبکہ مریض اور لواحقین خوار ہوگئے، ۔ڈاکٹروں نے جمعہ سے ان ڈور میں بھی کام بند کرنے کی دھمکی دے دی۔ گرینڈ ہیلتھ ایمپلائز الائنس حکومت کے خلاف ڈٹ گیا اور اعلان کر دیا کہ ایم ٹی آئی ایکٹ کو کسی صورت پنجاب کے اسپتالوں میں نافذ نہیں ہونے دیں گے۔ صوبے بھر میں مسیحاؤں کی ہڑتال پانچویں روز میں داخل ہو گئی ۔ لاہور کے سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز میں کام بند کئے ہوئے پانچ روز گزرگئے، مریضوں کا علاج معالجہ شدید متاثر ہو رہا ہےجبکہ معمول کے آپریشن بھی منسوخ ہونے لگے۔

خیبرپختونخوا میں ڈاکٹروں سمیت طبی عملے کا احتجاج سنگین جرم قرار

گرینڈ ہیلتھ ایمپلائز الائنس کا کہنا ہےکہ کے پی کے طرز کا نظام صحت پنجاب میں نہیں لانے دیں گے، اگر ایم ٹی آئی ایکٹ واپس نہ ہوا تو جمعہ کے روز سے ان ڈور میں بھی کام بند کر دیں گے۔ راولپنڈی کے تینوں بڑے سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز میں بھی پانچویں روز ہڑتال جاری ہے ۔ ینگ ڈاکٹرز نے ہولی فیملی، ڈی ایچ کیو اور بےنظیر اسپتال میں کام بندکردیا۔ پیرا میڈیکل اسٹاف اور نرسز نے بھی ڈاکٹرز کی ہاں میں ہاں ملادی ، مسیحاؤں اورحکومت کی لڑائی میں مریض پس کر رہ گئے۔ فیصل آباد میں بھی اسپتالوں کی مجوزہ نجکاری کیخلاف ڈاکٹرز کا احتجاج جاری ہے ۔ الائیڈ اور سول اسپتال کی او پی ڈیز مسلسل چھٹے روز بند ہیں اور مریضوں کا کوئی پُرسان حال نہیں، ملتان کے مسیحا بھی میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشن ایکٹ کے خلا ڈٹ گئے۔ آؤٹ پیشنٹ ڈور میں طبی سہولیات نہ ہونے سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔