Friday, April 19, 2024

ڈاکٹر رتھ فائو کا آج 90 واں یوم پیدائش، گوگل کا خراج عقیدت

ڈاکٹر رتھ فائو کا آج 90 واں یوم پیدائش، گوگل کا خراج عقیدت
September 9, 2019
لاہور(92 نیوز) جزام کے مریضوں کی مسیحا ڈاکٹر رتھ فائو کا 90 واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے۔ گوگل نے بھی ڈاکٹر رتھ فائو کو خراج عقید ت پیش کرنے کیلئے اپنا ڈوڈل ان کے نام کر دیا۔ جزام کے مریضوں کی مسیحا ڈاکٹر رتھ کیتھرینا مارتھا فائو 9 ستمبر 1929 کو جرمنی میں پیدا ہوئیں اور آج انکا 90 واں یوم پیدائش ان کے پاکستان میں قائم کردہ تمام سینٹروں میں منایا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر رتھ فائو 8 مارچ 1960 کو پاکستان آئیں اور انہوں نے زندگی کے 57 سال پاکستان میں انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کردئیے اور مرتے دم تک جزام کے مریضوں کا علاج کرتی رہیں۔ ڈاکٹر رتھ فائو نے 1963 میں ریگل چوک کے قریب میری ایڈیلیڈ لیپروسی سنٹر کی بنیاد رکھی جہاں مریضوں کا مفت علاج آج بھی جاری ہے۔ انہوں نے نہ صرف کراچی بلکہ پورے پاکستان میں جزام کے سنٹرز کھولے۔ ڈاکٹر رتھ فائو کی کوششوں سے ہی جنوبی ایشیائی ممالک میں پاکستان نے سب سے پہلے جزام کے مرض پر قابو پایا۔ ان کے قائم کردہ 157 سنٹرز میں آج بھی جزام، تپ دق، آنکھوں کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کا علاج ہو رہا ہے۔